Monday, January 6, 2025
ہومPakistan2025 کا سورج پاکستان کیلئے ترقی اور خوشحالی کی نوید لے کر...

2025 کا سورج پاکستان کیلئے ترقی اور خوشحالی کی نوید لے کر طلوع ہو وزیر اعظم کا قوم کو نئے سال کی مبارکباد



(24نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نئے سال2025 کے آغاز پر میں پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،میری یہ دعاء ہے کہ 2025 کا سورج ہمارے ملک پاکستان کیلئے ترقی اور خوشحالی کی نوید لے کر طلوع ہو،یہ بھی دعا ہے کہ گزشتہ سال کی  اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کی غلطیوں  کو سدھار کر ایک نئی شروعات کریں اور ایک نئے  روشن مستقبل کا آغاز کریں.

 وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں دعاء گو ہوں کہ 2024 میں دنیا کو جن معاشی، سیاسی اور امن و امان کے بحرانوں کا سامنا رہا، نئے سال میں ان پر قابو پانے کیلئے مثبت پیش رفت ہو. نیا سال پاکستان سمیت پوری دنیا سے بھوک، افلاس، جنگ، دھشتگردی، جرائم، فرقہ واریت اور طبقاتی تقسیم کے خاتمے کا سال ثابت ہو.

ان کا کہنا تھا کہ 2024 کا سال ہمارے پیارے پاکستان کے لیے شاندار کامیابیوں کا سال تھا،2024 کے دوران ہمارے معاشی اشاریے بہتر ہوئے۔ بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے پاکستان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔ دوست اور برادر ممالک سے اربوں روپوں کی سرمایہ کاری کے معاہدے ہوئے اور معیشت کی ڈیجیٹائز یشن پر کام کا آغاز ہوا، ہم نے باضابطہ طور پر قومی اقتصادی ٹرانفارمیشن پلان “اڑان پاکستان” کا اجراء کر دیا ہے- اڑان پاکستان دراصل معیشت کو ایک نئی جہت دینے،  جامع ترقی کو فروغ دینے اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے میری حکومت کا عزم ہے،اب جبکہ ہم 2025 میں داخل ہو رہے ہیں اور معیشت کو خود انحصاری کی پٹڑی پر ڈال چکے ہیں   تو  آج کے دن ہم ایک مستحکم ، روشن اور خوشحال مستقبل کا عزم کرتے ہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 2024 کا سال فلسطین میں اسرائیلی مظالم کے حوالے سے بد ترین سال رہا جس میں اسرائیلی قابض افواج نے ظلم کی وہ داستانیں رقم کیں جن کی مثال حالیہ تاریخ میں نہیں ملتی۔ اسی طرح بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہمارے مظلوم بھائی اور بہنیں بھارتی قابض افواج کی بربریت کا شکار رہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ 2025 میں فلسطین اور بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر اپنی آزادی کی جدو جہد میں کامیاب ہوں۔

انہوں نے کہا کہ 2024 میں ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کامیابیاں حاصل کیں. دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں ہمارے سیکورٹی فورسز کے بہادر  جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، جن کی قربانیاں قوم تاحیات یاد رکھے گی۔ 

شہباز شریف کا مزید کہناتھا کہ آئیں ! نئے سال کے آغاز میں ہم یہ وعدہ کریں کہ اس ملک کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے. یہ ملک ہماری پرکھوں کی امانت ہے، ہم اس کی حفاظت اور تعمیر و ترقی میں اپنا خون پسینہ ایک کریں گے۔

میں دعاء گو ہوں کہ 2025 ہماری قوم کے لیے خوش قسمتی اور بے پناہ خوشیوں کا سال ہو۔ پاکستان زندہ باد!

یہ بھی پڑھیں: جنوبی کوریا میں نئے سال کا سوگوار آغاز





Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں