بلوچستان اسمبلی کے 2 نومنتخب آزاد ارکان اسمبلی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے۔
لاہور میں مسلم لیگ ن کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہباز شریف سے بلوچستان اسمبلی کے 2 نومنتخب آزاد ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔
بلوچستان اسمبلی کے حلقے 41 اور 51 سے نو منتخب آزاد ارکان ولی محمد اور عبدالخالق نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔
شہباز شریف اور 2 آزاد ارکان کی ملاقات میں صوبائی صدر جعفر خان مندوخیل اور پارٹی رہنما جمال شاہ بھی موجود تھے۔
ن لیگی صدر نے ولی محمد اور عبدالخالق خان کو ن لیگ میں شمولیت پر مبارک باد دی اور ان کے اقدام کا خیرمقدم کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ نے پاکستان کے استحکام کے لیے کردار ادا کیا، جو لائق تحسین ہے، اس وقت پاکستان کو انتشار نہیں استحکام کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ مسائل لڑائی سے نہیں بات چیت اور مل کر چلنے سے ہی حل ہو سکتے ہیں، پاکستان کی ترقی کے لیے بلوچستان کی ترقی کو اولین تقاضا سمجھتے ہیں۔
ملاقات کے دوران نو منتخب ارکان نے وزیراعظم نامزد ہونے پر شہباز شریف کو مبارک باد دی۔