نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں ماہرین نے ایک تحقیق میں کورونا وائرس سے صحت یاب والے افراد کے متعلق ایک بری خبر سنا دی ہے۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ریاست تامل ناڈو کے شہر ویلور میں واقع کرسچین میڈیکل کالج کے ماہرین نے اپنی اس تحقیق میں بتایا ہے کہ کورونا وائر س سے صحت یاب ہونے والے یورپی اور چینی باشندوں کی نسبت بھارتی شہریوں میں پھیپھڑوں کے مسائل زیادہ گھمبیر پائے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بھارت میں یہ اپنی نوعیت کی پہلی تحقیق ہے جس میں بھارتی شہریوں پر کورونا وائرس کے طویل مدتی اثرات کاجائزہ لیا گیا۔ تحقیقاتی نتائج کے مطابق بھارت کے جو لوگ کورونا وائرس سے صحت یاب ہوئے، وہ پھیپھڑوں کے کئی طرح کے سنگین مسائل میں مبتلا رہے یا ان میں سے اب بھی بے شمار ایسے ہی جن کے پھیپھڑے ٹھیک کام نہیں کر رہے۔
قبل ازیں انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے ماہرین گزشتہ سال اپنی ایک تحقیق کے نتائج میں بتا چکے ہیں کہ کورونا وائرس میں مبتلا ہو کر جتنے لوگ ہسپتال میں داخل ہوئے اور پھر صحت یاب ہو گئے، ان میں سے 6.5فیصد اگلے ایک سال کے اندر پھیپھڑوں کی بیماریوں یا دیگر عارضوں میں مبتلا ہو کر موت کے منہ میں چلے گئے۔
اس تحقیق میں آئی سی ایم آرکے ماہرین نے ملک کے 31ہسپتالوں میں داخل ہونے والے 14ہزار 419کورونا مریضوں کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا۔ نتائج میں ماہرین نے مزید بتایا کہ جن مریضوں میں کورونا وائرس کی علامات شدید رہیں، ان میں صحت مندی کے بعد کسی اور عارضے میں مبتلا ہو کر موت کے منہ میں جانے کی شرح زیادہ رہی۔