(ویب ڈیسک ) متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں کا 75 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ ملک میں ہونے والی شدید بارشوں سے نظام زندگی بری طرح سے مفلوج ہوگیا۔
متحدہ عرب امارات میں پیر کی صبح سے منگل کی دوپہر تک گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی جبکہ مختلف علاقوں میں کلاؤڈ برسٹ بھی ہوا۔ متحدہ عرب امارات میں حکام نے شدید بارشوں اور ژالہ باری کے بعد بیشتر علاقوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کردیا۔
متحدہ عرب امارات میں دبئی، شارجہ اور ابوظہبی سمیت دیگر ریاستوں میں طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کے بعد وسیع علاقے اور سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، درجنوں میٹرو سٹیشنز اور انڈرپاس پانی سے بھر گئے جبکہ رہائشی علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی اور بارش کا پانی گھروں، مالز، میٹرواسٹیشن اور دیگر مقامات میں داخل ہوگیا۔
دبئی کی سب سے اہم شاہراہ شیخ زاید روڈ کے متعدد حصے بند کردیے گئے ہیں، کئی گھنٹوں سے شدید ٹریفک جام کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ بارش کے باعث فلائٹس آپریشن بھی متاثر ہوا، سیکڑوں فلائٹس تاخیر کا شکار ہونے کے باعث ہزاروں مسافر پھنس گئے ، الکوا کے علاقے میں بڑے پیمانے پر لینڈسلائیڈنگ ہوئی جبکہ راس الخمیہ میں ایک شہری ریلے میں بہہ گیا۔
مزید پڑھیں: یو اے ای آنے اور جانے والی متعدد پروازیں منسوخ، مسافر پھنس گئے
آسمانی بجلی گرنے اور اولے پڑنے کی پیش گوئی کے باعث اماراتی حکام نے نئی ایڈوائزری جاری کردی، جس میں عوام کو غیر ضروری گھر سے باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
حکومت نے شدید بارشوں کے پیش نظر ملک بھر ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا دوسرا اسپیل منگل کی دوپہر سے شروع ہوگا اور جمعرات تک بادل گرج چمک کے ساتھ برسنے کا امکان ہے۔