وزیر اعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ایرانی پرعزم قوم ہے، مشکل وقت گزار لے گی۔
سندھ اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کل کا دن عالم اسلام کے لیے بہت افسردہ دن تھا، کل ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اپنے ساتھیوں سمیت جاں بحق ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ اس مشکل وقت میں ہم اپنے ایرانی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم عوام کی طرف سے ایران کے دکھ درد میں شریک ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 23 اپریل کو ایرانی صدر وفد کے ہمراہ پاکستان آئے تھے، ایرانی صدر پر حملے کے خدشے کے پیش نظر کراچی میں ایک دن کی چھٹی دی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ بہت سال بعد کوئی سربراہان مملکت کراچی آئے تھے، ہمارے لیے یہ بہت عزت کی بات تھی، انہوں نے وزیر اعلی ہاؤس میں تقریب بھی منعقد کی اپنی تقریر میں انہوں نے عالم اسلام کو ساتھ چلنا کا پیغام دیا تھا۔
انہوں نے اسرائیل کو کہا تھا کہ ہم نے شام میں حملے کے بعد اسرائیل پر حملہ کر کے مزہ چکھا دیا اور بتایا کہ ایک بات یاد رکھنا اگر دوبارہ کوئی ایسی حرکت کی تو تمہارے ملک کو دنیا سے ختم کردیں گے، ان کا دورہ کراچی بہت یاد گار تھا۔