تائیوان کے رکن پارلیمنٹ کی جانب سے اسمبلی کے اجلاس سے بل کا مسودہ لے کر فرار ہونے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق تائیوانی پارلیمنٹ کے اجلاس میں حکومتی جماعت کی جانب سے متعدد متنازع اصلاحات کے لیے پیش کیے گئے ترمیمی بل کے مسودے کو اپوزیشن رکن لے کر فرار ہوگئے۔
اپوزیشن کے رکن پارلیمنٹ کی جانب سے بل کے مسودے کو لے کر فرار ہونے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد دنیا بھر کے انٹرنیٹ صارفین نے ان پر بل چور رکن پارلیمنٹ کا نام رکھ دیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق حکومتی جماعت کی جانب سے پیش کردہ ترمیمی مسودے پر پہلے ایوان میں مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان نے احتجاج کیا اور ارکان اسپیکر کی ڈائس کے قریب بھی جمع ہوئے۔
بعد ازاں ایوان میں شور شرابا بڑھ جانے کے بعد رکن پارلیمنٹ بل کا مسودہ لے کر تیزی سے اسمبلی سے فرار ہوگئے۔
وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں رکن پارلیمنٹ کو بل کے مسودے کے ساتھ فرار ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور دیگر ارکان حیرانگی سے ان کی طرف دکھائی دیتے ہیں۔
ویڈیو میں متعدد ارکان بل کا مسودہ لے کر فرار ہونے والے رکن پارلیمنٹ کو واپس ایوان میں آنے کی آوازیں بھی دیتے سنائی دیتے ہیں۔