ٹک ٹاک کی جانب سے ایک نئے فیچر اسٹریکس کی آزمائش کی جا رہی ہے جو اسنیپ چیٹ کے ایک فیچر سے ملتا جلتا ہے۔
ویڈیو شیئرنگ ایپ کی جانب سے اس فیچر کی آزمائش کی تصدیق کی ہے۔
کمپنی کے مطابق محدود صارفین میں اس فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے مگر زیادہ تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
اس فیچر کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ صارفین ٹک ٹاک میں زیادہ وقت گزاریں اور انگیج منٹ بڑھے۔ آپ کو کسی ٹک ٹاک صارف کو 3 سے زائد دنوں تک مسلسل ڈائریکٹ میسجز بھیجنا ہوں گے۔
جب آپ ایسا کرلیں گے تو آپ کو ایک اسٹریک بیج ملے گا جو چیٹ میں ڈسپلے ہوگا جس کے ساتھ اسٹریک ڈیز کی تعداد ہوگی۔
اگر کسی چیٹ میں 24 گھنٹے کے اندر کوئی میسج نہیں بھیجا گیا تو اسٹریک کا اختتام ہو جائے گا، البتہ اس سے قبل ٹک ٹاک کی جانب سے صارفین کو آگاہ کیا جائے گا۔
اسنیپ چیٹ میں بھی یہ فیچر یہی کام کرتا ہے اور اس سے لوگ یہ ثابت کرتے ہیں کہ وہ کسی فرد کے کتنے قریب ہیں اور ان کے درمیان کتنا رابطہ رہتا ہے۔
ٹک ٹاک کی جانب سے بھی اسی طرح کے جذبات صارفین میں جگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔