Saturday, December 28, 2024
ہومSportsپرتگال یورپیئن چیمپئن شپ سے باہر؛ ترکیہ اپنے کھلاڑی پر پابندی پر...

پرتگال یورپیئن چیمپئن شپ سے باہر؛ ترکیہ اپنے کھلاڑی پر پابندی پر برہم


  • یورپیئن چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں فرانس نے پرتگال اور اسپین نے جرمنی کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالی فائی کر لیا ہے۔
  • انگلینڈ اور سوئٹرزلینڈ جب کہ ترکیہ اور نیدرلینڈز کے درمیان ہفتے کو کوارٹر فائنلز کھیلے جائیں گے۔
  • فرانس اور پرتگال کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔
  • یوئیفا نے ترکیہ کے اسٹار کھلاڑی میری ڈیمرال پر دو میچز کی پابندی عائد کر دی ہے۔
  • ڈیمرال پر پابندی کا فیصلہ سیاسی اور غلط فہمی کی بنیاد پر مبنی ہے، ترک وزیرِ کھیل

ویب ڈیسک فرانس نے یورپیئن فٹ بال چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں پرتگال کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے جب کہ ترکیہ نے اپنے اہم کھلاڑی پر پابندی لگائے جانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

یورپیئن چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں اور اب تک چار میں سے دو کوارٹر فائنل ہو چکے ہیں۔

فرانس نے پرتگال اور اسپین نے جرمنی کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالی فائی کر لیا ہے جب کہ انگلینڈ اور سوئٹرزلینڈ، اور ترکیہ اور نیدرلینڈز کے درمیان ہفتے کو کوارٹر فائنلز کھیلے جائیں گے۔

پاکستانی وقت کے مطابق ہفتے کو پرتگال اور فرانس کے درمیان کھیلا جانے والا میچ سنسنی سے بھرپور رہا۔ مقررہ وقت میں کوئی بھی ٹیم گول نہیں کر سکی جس کے بعد میچ کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر کیا گیا۔

فرانس نے پینلٹی شوٹس پر پانچ گول کیے جس کے مقابلے میں پرتگال کی ٹیم صرف تین گول ہی کر سکی۔ میچ میں شکست کے بعد رونالڈو کی پرتگیز ٹیم ایونٹ سے باہر ہو گئی ہے۔

پرتگال اور فرانس کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں مقررہ وقت میں کوئی بھی ٹیم گول نہیں کر سکی اور پھر میچ کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر کیا گیا۔

ترکیہ کا اظہارِ برہمی

ترکیہ اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں ہفتے کو کوارٹر فائنل میں مدِ مقابل ہوں گی لیکن اس میچ میں ترکیہ کے اسٹار کھلاڑی میری ڈیمرال حصہ نہیں لے سکیں گے۔

آسٹریا کے خلاف دو گول کر کے اپنی ٹیم کو کوارٹر فائنل میں پہنچانے والے ڈیمرال کے جشن کے انداز پر یورپیئن فٹ بال کی انتظامیہ (یوئیفا) نے نوٹس لے کر ان پر دو میچز کی پابندی عائد کر دی ہے۔

یعنی اب ڈیمرال نہ ہی کوارٹر فائنل میں ٹیم کی نمائندگی کریں گے اور اگر ترکیہ کی ٹیم کوارٹر فائنل جیت گئی تو وہ سیمی فائنل بھی نہیں کھیل سکیں گے۔

واضح رہے کہ ڈیمرال نے آسٹریا کے خلاف بدھ کو کھیلے جانے والے میچ میں دوسرا گول کرنے کے بعد شائقین کی طرف دیکھتے ہوئے اپنے دونوں ہاتھوں سے ایک علامتی نشان بنایا تھا۔ فٹ بالر کی جانب سے بنایا جانے والا علامتی نشان ترکیہ کی سیاسی جماعت ترکیہ نیشنل موومنٹ کے عسکری ونگ ‘گرے وولفر’ کی علامت سمجھا جاتا ہے جس پر فرانس اور آسٹریا میں پابندی ہے۔

یوئیفا کے مطابق ڈیمرال مہذب طرزِ عمل کے بنیادی اصول کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے ہیں۔ تاہم ترکیہ کے وزیرِ کھیل عثمان آسکن بک نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈیمرال پر پابندی کا فیصلہ سیاسی اور غلط فہمی کی بنیاد پر مبنی ہے۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے بھی ڈیمرال کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکیہ کے کھلاڑی گول کرنے کے بعد اپنی خوشی کا اظہار کر رہے تھے۔

ترک صدر اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے ہفتے کو برلن میں نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے جانے والا میچ دیکھنے کے لیے گراؤنڈ میں موجود ہوں گے۔

اس خبر میں شامل بعض معلومات خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ سے لی گئی ہیں۔



Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں