|
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے باعث قومی سلیکشن کمیٹی کے ارکان وہاب ریاض اور عبد الرزاق کو فارغ کر دیا ہے۔
بدھ کو پی سی بی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مناسب وقت پر سلیکشن کمیٹی کی تشکیل کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔
وہاب ریاض مین سلیکشن کمیٹی کے رُکن تھے جب کہ عبد الرزاق مین اور ویمن سلیکشن کمیٹیز کے رُکن تھے۔
ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم پہلے راؤنڈ میں ہی باہر ہو گئی تھی جب کہ اسے امریکہ کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کے علاوہ روایتی حریف بھارت سے بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پاکستان کی ٹیم صرف کینیڈا اور آئر لینڈ کو شکست دینے میں کامیاب ہوئی تھی۔
ورلڈ کپ سے باہر ہونے پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا تھا کہ اُنہوں نے سوچا تھا کہ شاید چھوٹی ‘سرجری’ سے کام چل جائے۔ لیکن اب ٹیم میں بڑی ‘سرجری کرنا ہو گی۔
محسن نقوی کے اعلان کے بعد کرکٹ حلقوں میں یہ بحث جاری تھی کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں بڑی تبدیلیاں کی جائیں گی اور پرفارم نہ کرنے والے کھلاڑیوں کی جگہ نئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں جگہ دی جائے گی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے منگل کو وائٹ بال ٹیمز کے ہیڈ کوچ گیر کرسٹن اور ریڈ بال ٹیم کے کوچ جیسن گلسپی سے بھی ملاقات کی تھی جس میں بعض حلقوں کے مطابق دونوں کوچز کو فری ہینڈ دیا گیا تھا۔
’بابر کو بہت چانس مل چکے اب تبدیلی ضروری ہے‘
وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو فارغ کیے جانے پر ردِ عمل دیتے ہوئے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی چھ سے سات لوگوں پر مشتمل ہوتی ہے، صرف ان دو کو فارغ کیوں کیا گیا؟
برمنگھم میں صحافیوں سے گفتگو میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ بابر اعظم تین ورلڈ کپ اور دو ایشیا کپ میں کپتانی کر چکے ہیں۔
ان کے بقول انہیں بہت چانس مل چکے ہیں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ اب اگر پی سی بی نے کوئی سرجری کرنی ہے تو فوراً کرے۔