لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )پنجاب پھر لیڈ لے گیا،مختصر مدت میں طلباءکے لیے بائیکس کا وعدہ پورا کر دیا گیا۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ چیف منسٹر یوتھ انیشیٹو کے تحت طلباء کے لئے ای اور پٹرول بائیکس کی فراہمی کے لئے اقدامات کا آغاز کردیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ای بائیک پراجیکٹ میں قسط کم از کم مقرر کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب طلبہ کو سہولیات کی فراہمی میں ہمیشہ کی طرح لیڈ کرے گا۔ ای بائیک پراجیکٹ بائیکس کی فراہمی کا منصوبہ طلباء کے لیے آسانیاں پیدا کرے گا۔ ذاتی سواری طلباء کے روز مرہ زندگی میں پیسے اوروقت کی بچت یقینی بنائے گی۔ وقت کی بچت اور سفر میں آسانی طلباء کی تعلیمی استعداد کار میں بہتری کا سبب بنے گی۔ والدین کے سایہ سے محروم طلباءکے لیے ای بائیک سکیم میں والدین کی گارنٹی کی شرط ختم کر دی۔ پنجاب کو بھی دنیا کی طرح الیکٹرک ٹرانسپورٹ پر منتقل کرنا چاہتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب بھر میں ای بائیکس کی چارجنگ کے لیے سولر ائزڈ چارجنگ سٹیشن بنائیں گے۔ طلباء کے لیے ای بائیک کی بیٹری کی انشورنس اور وارنٹی بھی دی گئی۔ بائیکس کے ساتھ ہیلمٹ اور کائٹ پروٹیکشن بھی ضروری ہے۔ بچوں اور بچیوں کو آمدورفت میں آسانی کیلئے بائیکس دینے سے خوشی ملی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ای بائیک سے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی۔ کالجوں اور یونیورسٹیوں میں سولرائزڈ چارجنگ سٹیشن قائم کیے جائیں گے۔