Wednesday, January 1, 2025
ہومSportsپیرس اولمپکس : ارشد ندیم کو گولڈ میڈل سے نواز دیا گیا

پیرس اولمپکس : ارشد ندیم کو گولڈ میڈل سے نواز دیا گیا



پیرس (ڈیلی پاکستان آن لائن) پیرس اولمپکس میں قومی ہیرو ارشد ندیم کو گولڈ میڈل سے نواز دیا گیا۔ ارشد ندیم نے اولمپکس میں جیولن تھرو کے فائنل میں 92.97 میٹر کی ریکارڈ تھرو پھینک کر نیا ریکارڈ بنایا ہے۔

پاکستانی وقت کے مطابق میڈل تقسیم کی تقریب رات 10 بجے کے قریب آئفل ٹاور کے قریب چیمپئنز پارک میں ہوئی۔

تقریب میں جولین تھرو مقابلے میں اولمپکس ریکارڈ ہولڈرارشد ندیم کو گولڈ میڈل سے نوازا گیا، جب کہ دوسرے نمبر پر آنے والے بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا کو سلور اور تیسرے نمبر پر آنے والے گرینیڈا کے اینڈرسن پیٹرز کو برونز میڈل دیا گیا۔

 اس موقع پر پاکستانی پرچم بلند کیا گیا اور قومی ترانہ بجایا گیا، جیت کی خوشی اور ملک کا نام روشن کرنے پر ارشد ندیم کی آنکھیں نم ہوگئیں۔۔ جبکہ کمنٹریٹرز کی جانب سے چیمپئن ارشد ندیم کی تعریف کی گئی۔ دیگر کھلاڑیوں نے ارشد ندیم کے ساتھ سیلفیاں بنوئیں۔

ارشد ندیم نے طلائی تمغہ پہننے کے بعد ہاتھ فضا میں لہرا کر چیمپئنز پارک میں موجود ہزاروں تماشائیوں کی داد کا جواب دیا۔

تقریب سے قبل اولمپک لیجنڈ ارشد ندیم ، چیمپینز پارک پیرس میں پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

ارشد ندیم نے فینز زون میں آٹو گراف دیے، اور مداحوں نے ان کے ساتھ سیلفیاں بناٸیں۔ ہزاروں شاٸقین نے جیولین تھرو میں ریکارڈ بنانے پر ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کیا۔

واضح رہے کہ جمعرات کو پیرس اولمپکس 2024 میں ارشد ندیم کی بدولت پاکستان نے 40 سال بعد گولڈ میڈل حاصل کیا، ارشد ندیم نے اولمپکس میں جیولن تھرو کے فائنل میں 92.97 میٹر کی ریکارڈ تھرو پھینک کر نیا ریکارڈ بھی بنایا۔ ارشد ندیم پاکستان کی جانب سے اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔

اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر قومی اسمبلی میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنےکی قرار داد متفقہ طورپر منظور کی گئی۔ جب کہ سینیٹ اجلاس میں بھی ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں بھی ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ارشد ندیم کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے 10 کروڑ اور سندھ حکومت نے 5 کروڑ روپے انعام کا بھی اعلان کیا۔





Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں