کسی محفل میں دوران گفتگو اگر اچانک سر میں کھجلی ہوجائے تو یہ کافی پریشان کن اور شرمندہ کردینے والا عمل ہوتا ہے, یہ کھجلی صرف بالوں کی خشکی یا جوؤں سے نہیں بلکہ اس کی دیگر وجوہات بھی ہوسکتی ہیں۔
اگر آپ کے سر میں کافی عرصے سے خارش ہو رہی ہے تو اسے ہرگز نظر انداز مت کریں کیونکہ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال کئی طرح کے سنگین عارضوں کا بھی سبب ہوتی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کبھی کبھار آپ کے سر میں خارش ہوتی ہے تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
لیکن اگر خارش کی شکایت مسلسل ہونے لگے تو یہ خطرناک صورتحال ہے کیونکہ یہ بلڈ شوگر لیول بڑھنے کی علامت ہوسکتی ہے جس کا مطلب ہے کہ آپ کو ذیابیطس کا عارضہ لاحق ہو چکا ہے۔
آن لائن فارمیسی کے ماہرین نے بتایا کہ ہائی بلڈ شوگر جسم میں انفلیشن کا سبب بن سکتی ہے اور اس سے خون کی وریدوں، بافتوں اور اندرونی اعضاء کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
اس کے علاوہ اس سے آپ کے ہیئر فولیکلز تک آکسیجن اور غذائی اجزاءکی ترسیل متاثر ہو سکتی ہے جس سے آپ کے بالوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
خون میں شوگر کے بڑھ جانے سے دیگر کئی عارضے بھی لاحق ہو سکتے ہیں چنانچہ اگر آپ کے سر میں مسلسل کھجلی ہو رہی ہو تو اپنا شوگر لیول ضرور چیک کروائیں۔