Friday, December 27, 2024
ہومSportsدوسرے ٹیسٹ میں بمراہ نے انگلینڈ کو کیا پست، ہندوستان کو پہلی...

دوسرے ٹیسٹ میں بمراہ نے انگلینڈ کو کیا پست، ہندوستان کو پہلی اننگ میں ملی 143 رنوں کی سبقت


دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک ہندوستان نے دوسری اننگ میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے 28 رن بنا لیے ہیں، ہندوستان کی مجموعی سبقت 171 رنوں کی ہو چکی ہے۔

وکٹ لینے کے بعد ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ جشن مناتے ہوئے جسپریت بمراہ، تصویر @BCCI

user

ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ پر ہندوستانی ٹیم کی گرفت مضبوط ہوتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ ہندوستان کے ذریعہ بنائے گئے 396 رنوں کے جواب میں پوری انگلش ٹیم 253 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اس طرح ہندوستان کو پہلی اننگ میں 143 رنوں کی سبقت مل گئی۔ بلے بازی کے لیے معاون نظر آ رہی پچ پر انگلش ٹیم کو کم اسکور پر روکنے کا کام ہندوستانی تیز گیندباز جسپریت بمراہ نے کیا۔ انھوں نے 6 اہم کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا اور بتا دیا کہ اسپن کے لیے مددگار پچ پر بھی وہ کتنا خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔

آج جب ہندوستان کی بلے بازی کل کے اسکور 6 وکٹ کے نقصان پر 336 رن سے آگے شروع ہوئی تو یشسوی جیسوال اور آر اشون اچھے انداز میں اننگ کو آگے بڑھا رہے تھے، لیکن اینڈرسن نے اشون (37 گیندوں میں 20 رن) کو وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کراتے ہوئے انگلینڈ کو اہم کامیابی دلائی۔ اس کے بعد یشسوی جیسوال نے اپنی ڈبل سنچری مکمل اور پھر 209 رن کے ذاتی اسکور پر اینڈرسن کا ہی شکار بن گئے۔ اپنی اس شاندار اننگ میں یشسوی نے 7 چھکے اور 19 چوکے لگائے۔ بعد کے بلے بازوں میں بمراہ نے 9 رن، مکیش کمار نے صفر اور کلدیپ یادو نے ناٹ آؤٹ 8 رن بنائے۔ آج ہندوستان کے جو 4 وکٹ گرے ان میں سے 2 وکٹ اینڈرسن نے حاصل کیے اور 1-1 وکٹ ریحان احمد اور شعیب بشیر کے حصے میں گئے۔ پہلی اننگ میں مجموعی طور پر ان تینوں ہی گیندبازوں کو 3-3 وکٹ حاصل ہوئے۔ ایک وکٹ ہارٹلی کے حصے میں آیا۔

انگلش ٹیم کی شروعات ایک بار پھر تیز طرار اور اچھی رہی، لیکن بعد کے بلے باز جم کر نہیں کھیل پائے۔ پہلا وکٹ بین ڈکیٹ (17 گیندوں پر 21 رن) کی شکل میں 59 رن پر گرا اور پھر دوسرا زیک کراؤلی (78 گیندوں پر 76 رن) کی شکل میں 114 پر گرا۔ اس کے بعد کوئی بڑی شراکت داری دیکھنے کو نہیں ملی۔ جو روٹ 5 رن، اولی پوپ 23 رن، جانی بیرسٹو 25 رن، بین فوکس 6 رن اور ریحان احمد 6 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بین اسٹوکس نے 47 رن ضرور بنائے، لیکن ان کا ساتھ کسی نے نہیں دیا۔ ہارٹلی نے 21 رن، جیمس انڈرسن نے 6 رن اور شعیب بشیر نے ناٹ آؤٹ 8 رن کا تعاون کیا۔ پوری انگلش ٹیم 253 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی اور ہندوستانی ٹیم کو پہلی اننگ میں 143 رنوں کی سبقت حاصل ہو گئی۔

اسپن گیندبازوں کے لیے مددگار تصور کیے جا رہے پچ پر ہندوستان کی جانب سے سب سے زیادہ خطرناک جسپریت بمراہ ثابت ہوئے۔ انھوں نے 15.5 اوورس میں ہی 45 رن دے کر 6 کھلاڑیوں کو پویلین لوٹا دیا۔ بمراہ نے روٹ، پوپ، بیروسٹو، اسٹوکس، ہارٹلی اور اینڈرسن کا وکٹ اپنے نام کیا۔ 3 وکٹ کلدیپ یادو (17 اوورس میں 71 رن) نے لیے اور ایک وکٹ اکشر پٹیل (4 اوورس میں 24 رن) کے حصے میں آیا۔ مکیش کمار مہنگے ثابت ہوئے جنھوں نے 7 اوورس میں 44 رن دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہیں کیا۔ روی چندرن اشون کو بھی کوئی وکٹ نہیں ملا جنھوں نے 12 اوورس میں 61 رن دیے۔

ہندوستان کی دوسری اننگ جب شروع ہوئی تو کچھ ہی اوور کھیلنے کا موقع ملا۔ ہندوستانی سلامی بلے بازوں روہت شرما اور یشسوی جیسوال نے ان اوورس کو روک کر گزارنے کی جگہ خراب گیندوں پر تیزی سے رن بنانے کا انداز اختیار کیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ آج کا کھیل جب ختم ہوا تو ہندوستانی ٹیم نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 5 اوورس میں 28 رن بنا لیے تھے۔ روہت شرما نے 13 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 13 رن بنائے، جبکہ یشسوی جیسوال نے 17 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 15 رن اسکور کیے۔ اس طرح ہندوستان کی مجموعی سبقت اب 171 رنوں کی ہو چکی ہے۔


;



Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں