Saturday, December 28, 2024
ہومHealth and Educationمریم نواز نے ’چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام‘ کا آغاز کر...

مریم نواز نے ’چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام‘ کا آغاز کر دیا


وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز—فائل فوٹوز

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دل کے مریض بچوں کے مفت علاج اور آپریشن کی فراہمی سے متعلق ’چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام‘ کا  باقاعدہ طور پر افتتاح کر دیا۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت چائلڈ سرجری کارڈ تقسیم کیے۔

انہوں نے اس موقع چلڈرن اسپتال میں دل کے مریض بچوں کے لیے پلے ایریا کا بھی دورہ کیا۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ڈیش بورڈ کا مشاہدہ، چلڈرن اسپتال کارڈیک سرجری وارڈ کا دورہ، ایچ ڈی یو اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔

انہوں نے ننھے مریضوں کی خیریت دریافت کی، تحائف دیے اور ان کے ساتھ لُڈو بھی کھیلی۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے مریض بچوں کے والدین سے سہولت کے بارے میں دریافت بھی کیا۔

اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ دل کے بر وقت آپریشن نہ ہونے سے ہر سال 5000 سے زائد کم سن بچے وفات پا جاتے تھے۔

چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت مریض بچے کا سرکاری اسپتالوں میں جگہ نہ ہونے پر پرائیویٹ اسپتال میں آپریشن ہو گا۔

پہلے مرحلے میں 6 سرکاری اور مخصوص نجی اسپتالوں میں چلڈرن ہارٹ سرجری کی سہولت دی جا رہی ہے۔

پہلے مرحلے میں پی آئی سی لاہور، چلڈرن اسپتال لاہور، چلڈرن اسپتال ملتان اور پی آئی سی ملتان، فیصل آباد اور راولپنڈی کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ میں بچوں کے آپریشن ہوں گے۔

دوسرے مرحلے میں وزیر آباد، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور سرگودھا میں سہولت فراہم کی جائے گی۔

چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کی مانیٹرنگ کے لیے آن لائن ڈیش بورڈ بھی قائم کیا جائے گا۔

1 ماں کے طور پر منصوبے کا آغاز کرتے ہوئے خوش ہوں: مریم نواز

اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ نہیں ایک ماں کے طور پر منصوبے کا آغاز کرتے ہوئے بے حد خوش ہوں، بچے کی وفات پر مائیں جس صدمے سے گزرتی ہیں سمجھ سکتی ہوں، ہارٹ سرجری کی سہولتیں ماؤں کے آنسو پونچھنے، کمسن بچوں کی بیماری دور کرنے کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کے لیے پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی علاج گاہ میں دیگر صوبوں کے مریض بچوں کا بھی علاج ہوگا، امراض قلب میں مبتلا ننھے بچوں کو طویل انتظار نہیں کرنا پڑے گا، اللّٰہ تعالیٰ آپ کو صحت دے، ہم سب آپ کے لیے دعا کرتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ہر شہری کی تکالیف دور، قطار اور انتظار کے نظام سے نجات دلانا میرا مشن ہے، چلڈرن ہارٹ سرجری کی استعداد میں اضافے کے لیے اسپیشلسٹ سرجن اور اسٹاف کی تعداد بڑھائی جائے گی۔





Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں