فیصل آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان میں ایسے کئی افراد موجود ہیں جو بنا ڈرائیونگ لائسنس گاڑیاں، موٹرسائیکلیں سڑکوں پر لئے پھرتے ہیں مگر پنجاب سے ایک ایسا شخص سامنے آیا ہے جس کے 1 یا دو نہیں بلکہ 42 لائسنس بنے ہیں۔
اردو نیوز کے مطابق مذکورہ شخص کا تعلق فیصل آباد کی تحصیل تاندلیانوالہ سے ہے جن کا نام نذیر احمد بشیر ہے۔اس بات کا انکشاف اس وقت ہوا جب نذیر احمد اپنے بیٹے کا لائسنس بنوانے مقامی لائسنسگ برانچ گئے۔ لائسنسگ برانچ تاندلیانوالہ کے انچارج محمد عثمان طور نے بتایا کہ نذیر احمد اپنے بیٹے کا لائسنس بنوانے کے لئے آئے تھے مگر انہوں نے پورے محکمے کو حیرت میں ڈال دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم جب ان کے بیٹے کی تفصیلات درج کر رہے تھے تو ا±ن سے کہا کہ ہاتھ کے ہاتھ آپ بھی اپنا لائسنس بنوا لیں تو انہوں نے موبائل فون پر اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی تصویریں دکھانا شروع کر دیں۔
محمد عثمان نے بتایا کہ ہم یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کیوں کہ ہم خود لائسنس برانچ میں کام کرتے ہیں لیکن آج تک ہم نے خود یا کسی اور نے اتنی بڑی تعداد میں ڈرائیونگ لائسنس نہیں بنوائے۔
عثمان طور کے مطابق تاندلیانوالہ کے رہائشی نذیر احمد کے نام پر مختلف گاڑیوں کے مجموعی طور پر 42 لائسنس ہیں۔
نذیر احمد کے پاس 42 ڈرائیونگ لائسنسس کہاں سے آئے؟نذیر احمد کے مطابق انہوں نے اپنی زندگی کا زیادہ تر حصہ بیرونِ ملک اور بالخصوص خلیجی ممالک میں گزارا، جہاں انہوں نے مختلف بڑی گاڑیاں چلائیں جس کے لئے ہر گاڑی کے لئے نیا لائسنس بنوانا پڑتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ 42 لائسنس بنوانا ا±ن کا شوق نہیں تھا بلکہ ضرورت کے تحت انہوں نے یہ تمام لائسنس بنوائے۔
نذیر احمد نے میٹرک تک تعلیم حاصل کی ہے۔ ان کے مطابق 1992 میں انہوں نے اپنا پہلا لائسنس بنوایا تھا۔پاکستانی شہری نے بتایا کہ ان کے پاس موٹرسائیکل، کار، سوزوکی، ٹرک اور دیگر بڑی گاڑیوں کے لائسنس موجود ہیں۔