Thursday, December 26, 2024
ہومPakistanپرانے سیاستدان کی حکومت بنی تو دھرنا سیاست شروع ہوجائے گی، بلاول...

پرانے سیاستدان کی حکومت بنی تو دھرنا سیاست شروع ہوجائے گی، بلاول بھٹو


بلاول بھٹو زرداری: فوٹو انسٹاگرام/پاکستان پیپلز پارٹی 

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پرانے سیاستدان کی حکومت بنی تو پھر دھرنے کی سیاست شروع ہو جائے گی، نقصان ملک اور جمہوریت کا ہوگا۔

لاڑکانہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ  پرانے سیاستدان آج تک سیاست میں ہیں، پرانے سیاستدان نفرت اور تقسیم کے علاوہ کچھ نہیں دیتے، ان لوگوں نے سیاست کو سیاست نہیں بلکہ گالی بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پورا ملک مایوس ہے کیا یہ ہماری قسمت میں ہے کہ ان کی شکلیں دیکھنی ہیں، پرانے سیاستدانوں کی ضد اور انا کی وجہ سے معیشت کو نقصان ہوا ہے، ان لوگوں نے اپنی ضد کی وجہ سے معیشت، ملک اور جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے۔

بلاول بھٹو نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ شخص چوتھی بار ملک کا وزیراعظم بننا چاہتا ہے، یہ لوگ پاکستان کے عوام کو بےوقوف بنانا چاہتے ہیں، عوام ان کو اور ان کے طریقہ کار کو پہچانتے ہیں، اگر ان میں سے کوئی جیت گیا تو پھر یہ دھرنا سیاست شروع کردیں گے، یہ لوگ جیت گئے تو عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے سیاسی مخالفین کو پکڑیں گے۔

پی پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ ہم یہ فلم تین بار دیکھ چکے ہیں، پہلی مرتبہ جب یہ شخص وزیراعظم بنا تو ان ہی سے لڑ پڑا جنہوں نے اس کو وزیراعظم بنایا، اس شخص نے دوسری مرتبہ وزیراعظم بننے کے بعد امیرالمومنین بننے کی کوشش کی، یہ شخص دوسری مرتبہ وزیراعظم بننے کے بعد بھی ان ہی سے لڑ پڑا جنہوں نے اس کو وزیراعظم بنوایا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آر او الیکشن کے ذریعے یہ شخص تیسری بار مسلط کیا گیا، اس شخص نے تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے کے بعد ان ہی لوگوں سے پنگا لیا جنہوں نے اس کو بنایا، اب یہ شخص چوتھی بار اپنے آپ کو مسلط کرنے کی کوشش کر رہا ہے، یہ شخص ابھی سے تاثر دے رہا ہے کہ 8 فروری کو نہیں ابھی سے یہ وزیراعظم ہے، یہ شیر عوام کا خون چوستا ہے، میاں صاحب کے حالات بہت ہی پتلے ہیں، پختونخوا میں میاں صاحب تو اپنی سیٹ ہی ہار رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی امیروں کی ترقی کی نہیں عوام کی ترقی کی بات کرتی ہے، انتخابی مہم میں پورے ملک کا دورہ کیا، ملک بھر میں مہم چلانے کے بعد آج اپنے گھر واپس آیا ہوں، جب لاڑکانہ وزیراعظم بناتا ہے تو پاکستان میں ترقی ہوتی ہے، پاکستان پوری مسلم امہ کی قیادت کرتا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارے ساتھ وفاداری نبھانے پر لاڑکانہ کے عوام کا شکر گزار ہوں، لاڑکانہ کے عوام نے جس طرح میرے خاندان اور پارٹی کا ساتھ نبھایا ہے پوری دنیا میں تاریخ رقم کر دی ہے، جب لاڑکانہ کا وزیراعظم بنتا ہے تو چھوٹے تاجر بھی ترقی کرتے ہیں، بڑے عرصے سے ملک نے لاڑکانہ کا وزیراعظم نہیں دیکھا۔





Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں