جو بائیڈن نے کہا کہ ’’آج امریکہ نے جو دیکھا وہ کملا ہیرس تھی، جسے میں جانتا ہوں اور جس کی میں تعریف کرتا ہوں۔ وہ ایک لاجواب ساتھی اور عوامی کارکن رہی ہیں جو دیانت، ہمت اور کردار سے بھرپور ہے۔‘‘
امریکہ میں صدارتی انتخاب کا نتیجہ سامنے آ چکا ہے۔ سابق صدر اور ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سال کے انتخاب میں زبردست جیت درج کی ہے۔ انہوں نے موجودہ نائب صدر اور ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار کملا ہیرس کو شکست دے کر ایک بار پھر امریکی اقتدار پر قبضہ کر لیا۔ صدارتی انتخاب کے نتیجہ کے بعد کملا ہیرس اور امریکی صدر جو بائیڈن کا پہلا رد عمل بھی سامنے آ گیا ہے۔
نتائج برآمد ہونے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کملا ہیرس نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’میرا دل آج بھر چکا ہے۔ آپ نے مجھ پر جو اعتماد کیا ہے اس کے لئے تہہ دل سے آپ کی شکر گزار ہوں۔ میرا دل اپنے ملک کے لئے پیار سے بھرا ہوا ہے اور عزم سے بھرا ہوا ہے۔‘‘ کملا ہیرس نے مزید کہا کہ ’’انتخابی نتیجہ ویسا نہیں رہا جیسا ہم چاہتے تھے۔ یہ ویسا نہیں تھا جس کے لئے ہم لڑے، ہم نے ووٹنگ کی۔ لیکن جب تک ہم لڑتے رہیں گے، ہم کبھی ہار نہیں مانیں گے۔‘‘
کملا ہیرس نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ انہوں نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بات کی اور ان کو جیت کی مبارک باد دی۔ کملا ہیرس نے یہ بھی بتایا کہ ہم ٹرمپ اور ان کی ٹیم کو اقتدار کی منتقلی میں مدد کریں گے اور ہم پُر امن منتقلی کریں گے۔
امریکہ کے موجودہ صدر جو بائیڈن نے بھی انتخابی نتائج کے بعد اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’آج امریکہ نے جو دیکھا وہ کملا ہیرس تھی، جسے میں جانتا ہوں اور جس کی میں تعریف کرتا ہوں۔ وہ ایک لاجواب ساتھی اور عوامی کارکن رہی ہیں جو دیانت، ہمت اور کردار سے بھرپور ہے۔‘‘ بائیڈن نے یہ بھی کہا کہ ’’کملا کا انتخاب میرا سب سے بہترین فیصلہ تھا وہ سبھی امریکیوں کے لئے ایک چمپئن بنی رہیں گی۔‘‘
صدر جو بائیڈن نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو فون کر کے جیت کی مبارکبادی دی ہے۔ ٹرمپ مہم کے ایک آفیسر اسٹیون چیونگ نے بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے بائیڈن کے فون کرنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور جلد ہی ان سے ملنے کا منصوبہ بھی بنایا ہے۔ صدر جو بائیڈن نے ٹرمپ کو موجودہ انتظامیہ اور آنے والی انتظامیہ کے درمیان بہتر انداز سے تبدیلی کو یقینی بنانے کے لیے وائٹ ہاؤس میں مدعو کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔