(ویب ڈیسک) امریکا نے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی سازش کے الزام میں ایک ایرانی شہری پر فرد جرم عائد کردی۔
غیر ملکی میڈٖیا رپورٹ کے مطابق محکمہ انصاف کا کہنا تھا کہ فرہاد شکیری نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کیا تھا کہ” انہیں 7 اکتوبر 2024 کو ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کا منصوبہ فراہم کرنے کا کام سونپا گیا تھا۔”
محکمہ انصاف نے شکیری کو تہران میں مقیم ایران کے پاسدران انقلاب کا اثاثہ قرار دیا، مزید کہنا تھا کہ “وہ بچپن میں امریکا آیا تھا جبکہ اسے 2008 کے قریب ڈکیتی کی سزا کے بعد ملک بدر کر دیا گیا تھا۔”
محکمے کا مزید کہنا تھا کہ نیویارک میں ایرانی نژاد امریکی شہری کو قتل کرنے کی سازش میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں 2 دیگر افراد پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 25 ستمبر کو ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ” انہیں ایران سے جان کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔”
یہ بھی پڑھیں : کملا ہیرس کو 5 ہزار ڈالر کا انتخابی عطیہ ٹرمپ کیلئے لکی ثابت ہوا
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر کہا تھا کہ “ایران کی طرف سے میری جان کو شدید خطرہ ہے، ایران کی جانب سے پہلے ہی ایسی کوششیں کی گئی ہیں جو کامیاب نہیں ہوئیں لیکن وہ دوبارہ کوشش کریں گے، جبکہ پوری امریکی فوج دیکھ رہی ہے اور انتظار کر رہی ہے۔”
ٹرمپ نے سیکرٹ سروس کے لیے اضافی فنڈنگ کی متفقہ طور پر منظوری دینے پر امریکی کانگریس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب وہ پہلے سے زیادہ افراد، بندوقوں اور ہتھیاروں سے گھرے ہوئے ہیں۔
ان کا بیان اس وقت سامنے آیا تھا، جب 15 ستمبر کو فلوریڈا میں ان کے مقام کے قریب گولیاں چلنے کی آوازیں سنی گئیں، تاہم بعد میں حکام نے تصدیق کی تھی کہ وہ محفوظ ہیں۔