وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ مہنگائی کے دباؤ میں کمی آئی اور شرح مبادلہ مستحکم ہے جبکہ تجارتی خسارہ میں کمی آرہی ہے، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مذاکرات میں روپے کی قدر مزید گرنے کا امکان نہیں، زرمبادلہ ذخائر مضبوط اور شرح تبادلہ مستحکم ہے، آنے والے برسوں میں معاشی شرح نمو 4 فیصد سے تجاوز کر جائے گی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور بلوم برگ حکام درمیان راؤنڈ ٹیبل اجلاس ہوا جس میں پاکستان کی معیشت سمیت دیگر امور پر بات کی گئی۔
اس دوران وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ ذخائرمضبوط اور شرح تبادلہ مستحکم ہیں، آنے والے برسوں میں معاشی شرح نمو 4 فیصد سے تجاوز کرجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف مشن کا دورہ پاکستان مئی میں متوقع ہے، آئی ایم ایف سے مذاکرات میں روپےکی قدر مزیدگرنےکا امکان نہیں ہے، روپےکی قدرمیں مزید کمی کی کوئی وجہ نظرنہیں آتی، روپے کی قدر میں سالانہ روایتی 6 سے8 فیصد سےزیادہ کمی کا کوئی جواز نہیں۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ رواں سال زرعی شعبے نے مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، ترسیلات زر سمیت معیشت کے اہم اشاریے بہتر کارکردگی کی عکاسی کر رہے ہیں۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ ایک وسیع تر توسیعی پروگرام میں شامل ہونے کے لیے پرعزم ہے۔