Thursday, December 26, 2024
ہومBreaking Newsعلی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری


اسلام آباد کی مقامی عدالت نے حقیقی آزادی مارچ پر درج مقدمے میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اور شاہ محمود قریشی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نوید خان نے تھانہ کورال میں درج مقدمے کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔

حکمنامے میں کہا گیا کہ 26مئی 2022 کو تھانہ کورال میں درج مقدمے میں عدم ثبوتوں کی بنا پر تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید خان اور علی نواز اعوان کو بری کیا جاتا ہے۔

اس حوالے سے کہا گیا عدالت پہلے ہی حقیقی ازادی مارچ کے اس مقدمے سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بری کر چکی ہے۔

عدالت نے حکمنامے میں مزید کہا کہ طلبی کے باوجود مسلسل عدم پیشی پر شاہ محمود قریشی اور علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں۔

عدالت نے کہا کہ کیس کو دوبارہ سماعت کے لیے 20 مئی کو مقرر کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان کے 25 مئی 2022 کو ہونے والے ’حقیقی آزادی مارچ‘ کو روکنے کے لیے حکام نے دفعہ 144 نافذ کی تھی جس کے تحت 4 سے زائد افراد جمع نہیں ہو سکتے اور اس اقدام کا مقصد اجتماعات کو روکنا تھا۔

حکام نے عمران خان کے مارچ کو روکنے کے لیے اہم شاہراہوں پر شپنگ کنٹینرز رکھ کر انہیں اسلام آباد میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کی تھی۔

حکام کی طرف سے لگائے کنٹنیرز کے باوجود مارچ کے شرکا بلا خوف تمام رکاوٹوں کو عبور کرکے اسلام آباد میں داخل ہوئے تھے جس پر پولیس نے ان کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کرنے کے ساتھ ساتھ آنسوں گیس اور شیلنگ کا استعمال کیا تھا۔

اس دوران ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے فوٹیج میں زمین سے دھواں اٹھتا نظر آیا تھا اور اسلام آباد کی مرکزی شاہراہوں سے ملحقہ گرین بیلٹس میں آگ لگتی دکھائی دے رہی تھی۔

حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ آگ تحریک انصاف کے حامیوں نے لگائی تھی جب کہ پی ٹی آئی کا دعویٰ تھا کہ آگ پولیس کی شیلنگ کی وجہ سے لگی تھی، تاہم ان دونوں میں کسی کی بھی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔




Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں