Tuesday, January 7, 2025
ہومBreaking Newsملک بھر میں جلوس اور مجالس کا اہتمام ،عزاداروں کا ماتم جاری،...

ملک بھر میں جلوس اور مجالس کا اہتمام ،عزاداروں کا ماتم جاری، سیکیورٹی کے سخت انتظامات


نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے جانثاروں کی عظیم قربانی کی یاد میں آج ملک بھر میں عاشورہ محرم کے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ یوم عاشور کی مناسبت سے ملک بھر میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے اور اس موقع پر متعدد شہروں میں موبائل فون سروس بھی بند رکھی گئی ہے۔

حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی کربلا میں یزیدی فوج کے ہاتھوں شہادت کے دن پر ملک کے مختلف شہروں میں مجالس عزا ہو رہی ہیں اور جلوس برآمد کیے جا رہے ہیں۔

یوم عاشور کی مناسبت سے ملک بھر میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے اور اس موقع پر متعدد شہروں میں موبائل فون سروس بھی بند رکھی گئی ہے۔

کراچی

کراچی میں 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا جوایم اے جناح روڈ ، تبت سینٹر سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر پر ختم ہوگا۔

اس موقع پر کراچی کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس متاثر ہے اور شہر میں آج بھی موٹر سائیکل کی ڈبل سواری ، اسلحے کی نمائش ، ہیلی کیم اور ڈرون اڑانے پر بھی پابندی عائد ہے۔

لاہور

لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثارحویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہو گیا، جلوس آج شام کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہو گا۔

پنجاب بھر میں آج صرف جلوس اور مجالس والے علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہے گی۔

پشاور

پشاورکی مختلف امام بارگاہوں سے بھی یوم عاشور کے 12 جلوس برآمد ہوں گے جہاں پہلا جلوس امام بارگاہ سید علی شاہ رضوی سےبرآمد ہوگا۔

جلوسوں کی سکیورٹی پر پولیس کے 14 ہزارافسران و اہلکار تعینات ہیں اور جلوس کی گزر گاہوں کو کلئیر کرنے کے لیے بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکارموجود ہیں جب کہ جلوسوں کی طرف جانے والے تمام راستے سیل اور موبائل فون سروس بند ہے۔

کوئٹہ

کوئٹہ شہر میں عاشورہ کے جلوس کےموقع پر موبائل فون سروس معطل اور موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے، کوئٹہ کا مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا نماز مغرب سے قبل امام بارگاہ ہزارہ ناصرآباد پہنچ کر اختتام پذیرہوگا۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول سے برآمد ہو گا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیمی پر ختم ہو گا۔

راولپنڈی میں یوم عاشورکا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سےبرآمد ہوگا، اس موقع پر اطراف کے علاقوں میں موبائل فون سروس جزوی طورپرمعطل رہےگی۔

اس کے علاوہ مظفر آباد میں بھی یوم عاشور پر موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ سروس بند رکھی گئی ہے۔




Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں