Wednesday, December 25, 2024
ہومBreaking Newsموٹاپے سے نجات دلانے میں مددگار غذا

موٹاپے سے نجات دلانے میں مددگار غذا


عالمی ادارہ صحت کے مطابق عالمی سطح پر گزشتہ 30 برسوں کے دوران موٹاپے کی شرح میں دوگنا سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

دنیا بھر میں 16 فیصد بالغ افراد موٹاپے کے شکار ہیں اور ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ ساتھ متوسط ملکوں میں بھی موٹاپا ایک وبا کی طرح پھیل رہا ہے۔

مگر ناشتے میں ایک مخصوص غذا کے استعمال کو عادت بنا کر آپ جسمانی وزن میں نمایاں کمی لا سکتے ہیں۔ جرنل آف نیوٹریشن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ جو کے دلیے میں موجود فائبر کی ایک مخصوص قسم سے جسمانی وزن میں نمایاں کمی آتی ہے۔

بیٹا گلوکین نامی فائبر کی اس قسم کے استعمال سے فائبر کی دیگر اقسام کے مقابلے میں جسمانی وزن میں نمایاں کمی آتی ہے۔ چوہوں پر تجربات کے دوران اس بات کی تصدیق ہوئی۔

محققین نے بتایا کہ بیٹا گلوکین موٹاپے سے نجات کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے اور لوگ خود کو میٹابولک امراض سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ فائبر وہ غذائی جز ہے جو آنتوں کے افعال کو درست رکھتا ہے، معدے کے لیے بہترین ہوتا ہے جبکہ مجموعی صحت بھی بہتر ہوتی ہے۔ ہمارا نطام ہاضمہ غذا میں موجود فائبر کو توڑنے میں ناکام رہتا ہے تو اس کا بیشتر حصہ سالم ہی غذائی نالی سے گزر جاتا ہے۔

جب یہ غذائی جز بڑی آنت میں پہنچتا ہے تو اس کا بیشتر حصہ بیکٹریا کی خوراک بنتا ہے اور اس عمل کے دوران صحت کے لیے مفید متعدد مرکبات کا اخراج ہوتا ہے۔ فائبر سے بھرپور غذا سے بلڈ شوگر کی سطح مستحکم ہوتی ہے، انسولین کی مزاحمت گھٹ جاتی ہے جبکہ صحت کو دیگر فوائد بھی ہوتے ہیں۔

فائبر کی 2 بنیادی اقسام ہیں جن میں سے ایک پانی میں گھل جاتی ہے جبکہ دوسری پانی میں گھلتی نہیں۔ ان دونوں اقسام کی 5 ذیلی اقسام ہیں اور اس تحقیق میں 18 ہفتوں تک چوہوں کو روزانہ ان میں سے کسی ایک کا استعمال کرایا گیا۔

ان پانچوں اقسام میں سے ایک Pectin تھی جو پھلوں میں پائی جاتی ہے، دوسری بیٹا گلوکین جس کا حصول جو کے دلیے، مشرومز اور خمیر سے ممکن ہوتا ہے۔

تیسری Wheat dextrin تھی جو فائبر سپلیمنٹ میں موجود ہوتی ہے جبکہ چوتھی قسم Resistant starch تھی جبکہ 5 ویں Cellulose تھی۔

تحقیق کے دوران چوہوں کے جسمانی وزن، جسمانی چربی کی مقدار، گلوکوز کی برداشت اور جسمانی توانائی کا جائزہ لیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ پانچوں اقسام میں سے بیٹا گلوکین سے چوہوں کے معدے میں موجود بیکٹریا کے افعال میں نمایاں تبدیلیاں آئیں۔ جس سے جسمانی وزن اور چربی کی مقدار میں نمایاں کمی آئی جبکہ گلوکوز کی برداشت بڑھ گئی۔

اس سے قبل بھی تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا تھا کہ بیٹا گلوکین کے استعمال سے دل کی صحت بہتر ہوتی ہے۔ مگر جسمانی وزن میں کمی کے حوالے سے ابھی انسانوں پر تحقیقی کام نہیں ہوا۔

تاہم محققین کا کہنا تھا کہ فائبر سے بھرپور غذاؤں کے استعمال سے جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پھلوں، سبزیوں، بیجوں اور سالم اناج پر مبنی غذا کے استعمال سے جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔




Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں