Wednesday, January 1, 2025
ہومBreaking Newsکیا آپ آلو بخارے کے ان فوائد سے آگاہ ہیں؟

کیا آپ آلو بخارے کے ان فوائد سے آگاہ ہیں؟


آلو بخارا طبی اہمیت کا حامل خوش ذائقہ پھل ہے اور اس کے انگنت طبی فوائد بھی ہیں، یہ حیاتین (وٹامن) کا خزانہ ہے اور ان دنوں‌ یہ پھل بازار میں‌ عام دستیاب ہے۔

اس پھل کی ایک بڑی خوبی اس کا قبض کشا اور زود ہضم ہونا ہے اور حکیم اسے عمدہ غذا اور بہترین دوا بتاتے ہیں۔

آلو بخارا قدرت کے ان عطیات میں سے ہے جن میں غذائی اجزاء موجود ہوتے ہیں۔ آلو بخارے میں چونا فاسفورس اور فولاد کی تو وافر مقدار موجود ہوتی ہے۔

جو حضرات کمزور ہوں یا خون کی کمی کا شکار ہوں اور وہ فولاد کا کوئی مرکب استعمال کرنے کے خواہش مند ہوں تو وہ شربت فولاد یا کشتہ فولاد کی بجائے آلو بخارا کھائیں۔

قدرت نے اس قرمزی رنگت والے پھل کو خوب نما بنایا ہے، یہ دیکھنے میں‌ اکثر آتشیں سرخ بھی نظر آتا ہے، اس کا چھلکا نرم اور اندر گودا ہوتا ہے۔

یہ پھل نشاستہ دار اجزا کے علاوہ کیلشیم، پوٹاشیم، فلورین، فاسفورس، امینو ایسڈ، گلوکوز کی وجہ سے ہڈیوں اور جسم کے لیے مفید ہے۔

آلو بخارے میں وٹامن اے، بی بھی پائے جاتے ہیں، لیکن یہ پھل وٹامن سی کا خزانہ ہے جو ہمیں کئی طبی مسائل اور پیچیدگیوں‌ سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری ہے۔

یہ کولیسٹرول کی شرح کو کم کرتا ہے اور جگر کی صحت کیلئے اکسیر مانا جاتا ہے۔ اس میں پوٹاشیم کی کثیر مقدار پائی جاتی ہے۔ اس لئے بی پی کو کنٹرول بھی کرتا ہے۔

پھلوں کی تاثیر اور افادیت سے متعلق کتب میں‌ لکھا ہے کہ آلو بخارے کا مزاج سرد تر ہوتا ہے اور یہ معدہ کی تیزابیت دُور کرنے کے لیے انتہائی مفید پھل ہے۔ یہ پھل دو سے تین گھنٹوں میں ہضم ہوکر جزوِ بدن بن جاتا ہے۔

گرم مزاج، جن لوگوں کے کام کی نوعیت ایسی ہے کہ انہیں‌ زیادہ سوچنا اور غور کرنا پڑتا ہے، ان کے لیے یہ پھل نہایت مفید ہے جب کہ بیماری کے بعد اور حاملہ خواتین کے لیے بہترین غذا ہے۔

خشک آلو بخارے ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں مفید قرار

خشک آلو بخارے اپنے کھٹے میٹھے ذائقے کے باعث کھانے میں بہت پسند کیے جاتے ہیں، خشک آلو بخارا کھانے میں بہت مزیدار لگتا ہے اور اسے کھانوں میں ذائقے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

سائنسدانوں کاکہنا ہے کہ آلو بخارا صحت کے لیے بہت مفید ہے لیکن اگر اسے خشک کرکے استعمال کیا جائے تو یہ کئی طرح کے کینسر بالخصوص بڑی آنت کے کینسرکے لیے بہت مفید ہے۔

ذائقے اور لذت کے ساتھ ساتھ یہ حیرت انگیز فوائد سے بھی مالا مال ہے، خشک آلو بخارا وٹامن کے ، آئرن ، فائبر ، پوٹاشیم اور بیٹاکیروٹین سے بھرپور ہوتا ہے۔

خشک آلو بخارے کا جوس جسم میں آئرن کی کمی کو دورکرنے میں مدد دیتا ہے۔ آئرن کی کمی کے سبب خون کے سرخ خلیات میں کمی واقع ہوتی ہے جو اینیمیا یعنی خون کی کمی کا سبب بنتی ہے۔

آلو بخارے کے جوس کا آدھا کپ جسم کو تین میل گرام آئرن فراہم کرتا ہے، اسطرح خون کی کمی کے مسئلے سے باآسانی نمٹا جا سکتا ہے۔ آلو بخارے فائبر سے بھرپور پھل ہے اور یہ وہ جز ہے جو آنتوں کے افعال کو بہتر کرکے قبض کو ختم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

ایک آلو بخارے میں ایک گرام فائبر ہوتا ہے جو کہ جسم کے لیے مناسب مقدار ہے، اسی طرح اس میں موجود دیگر اجزاء بھی نظام ہضم کے مسائل پر قابو پانے کے لیے موثر ثابت ہوتے ہیں۔

خشک آلو بخارا پوٹاشیم سے بھرپور ہونے کے سبب دل کے مناسب افعال کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

پوٹاشیم کے استعمال سے بلڈ پریشر کو معمول پر رکھنے میں مدد ملتی ہے اور امراض قلب ، ہارٹ اٹیک ، فالج اورغشی جیسے امراض کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔

خشک آلو بخارا جسم کی پوٹاشیم کی ضرورت پوری کرنے میں مدد دیتا ہے ، خشک آلو بخارا وٹامن اے کے حصول کا بھی بہترین ذریعہ ہے ۔ یہ ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں بھی مدد دیتا ہے، آلوبخارا بالوں کی نشونمااور جلد کی خوبصورتی کے لیے بھی مفید ہے۔




Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں