گوگل میپس اور ارتھ میں نئی اپ ڈیٹس کی گئی ہیں تاکہ صارفین کو تبدیل ہوتی دنیا کو سمجھنے میں مدد مل سکے۔
کمپنی کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ گوگل میپس کے اسٹریٹ ویو میں ایک اپ ڈیٹ کی گئی ہے۔
اس اپ ڈیٹ کے بعد صارفین 80 ممالک میں اسٹریٹ ویو کو زیادہ تفصیل سے دیکھ سکیں گے جس سے انہیں گھر میں رہتے ہوئے مختلف مقامات کو دیکھنے میں مدد ملے گی۔
اس کے لیے گوگل نے اپنی نئی کیمرا ٹیکنالوجی کو استعمال کیا ہے۔ کمپنی نے بتایا کہ مختلف ممالک میں میپس اسٹریٹ ویو کو اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ بہتر ورچوئل نظارہ کرنا ممکن ہوجائے۔
گوگل کی جانب سے گوگل ارتھ پر بھی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ صارفین بہت جلد ہمارے سیارے کے ماضی میں جھانک سکیں گے۔
اس کے لیے historical imagery نامی فیچر گوگل ارتھ کے ویب ورژن میں متعارف کرایا جائے گا۔
اس کی مدد سے صارفین گزشتہ 80 سال کی سیٹلائیٹ اور فضائی تصاویر کو دیکھ کر سمجھ سکیں گے کہ ہمارے سیارے پر 8 دہائیوں دوران کیا کچھ تبدیل ہوا ہے۔ بلاگ پوسٹ میں ایک اور اپ ڈیٹ کے بارے میں بھی بتایا گیا۔
کمپنی کے مطابق گوگل میپس اور ارتھ پر تصاویر کا معیار آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کی مدد سے بہتر بنایا جا رہا ہے۔
اب ان سروسز کا سافٹ وئیر بادلوں، دھند اور دیگر چیزوں کو زیادہ بہتر طریقے سے سمجھ سکے گا۔