Saturday, December 28, 2024
ہومBreaking Newsآمنہ شیخ نے شوبز سے دوری کی وجہ بتادی

آمنہ شیخ نے شوبز سے دوری کی وجہ بتادی


سابق سپر ماڈل، اداکارہ و میزبان آمنہ شیخ نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی منتقل ہونے اور دوسری شادی کرنے کے بعد پہلی بار انٹرویو دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دوبارہ خاندان شروع کرنے کا فیصلہ انہوں نے سمجھداری سے کیا۔

آمنہ شیخ نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے شوبز کیریئر سمیت ذاتی زندگی میں آنے والے مسائل پر بھی بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ اپنے ہاں بیٹی کی پیدائش کے بعد انہوں نے پہلا ڈراما پاکیزہ کیا تھا اور اس وقت ان کی بچی چند ہی ماہ کی تھیں لیکن پھر انہوں نے بیٹی کی پرورش کے لیے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کی۔

آمنہ شیخ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی بیٹی اور اس کے کیرئیر کیلئے شوبز سے دوری کا فیصلہ کیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ والدہ بننے کے بعد ان کی ذمہ داریاں بڑھ گئیں اور ان کی زندگی پہلے جیسی نہیں رہی تھی، اس لیے ان کی پہلی ترجیح بیٹی کی بہتر پرورش ہوگئی۔

آمنہ شیخ نے اداکارہ اور ماڈلنگ میں فرق پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ اداکاری کرنا بظاہر آسان ہے، کیوں کہ اس میں گلیمر کم ہوتا ہے لیکن ماڈلنگ میں گلیمرس زیادہ ہوتا ہے، جس وجہ سے بعض خواتین کے لیے مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے سمجھداری سے اداکاری اور ماڈلنگ کے کیریئر کو آگے بڑھایا اور وہ اس معاملے میں خوش قسمت بھی رہیں۔

اداکارہ و ماڈل نے بتایا کہ باقی افراد کی طرح ان کی زندگی میں بھی مسائل آئے اور انہوں نے ان کا سوچ سمجھ کر مقابلہ کیا اور سمجھداری سے فیصلہ کیا کہ ان کے لیے سب سے اہم کیا چیز ہے؟

آمنہ شیخ کا کہنا تھا کہ انہوں نے فیصلہ کیا کہ ان کے لیے سب سے اہم بیٹی کی بہتر پرورش اور زندگی ہے، دوسرے نمبر پر ان کی اپنی زندگی اور کام بھی ہے، اس لیے انہوں نے ملک سے منتقل ہونے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے دبئی منتقل ہونے سمیت نئی زندگی اور دوبارہ خاندان بنانے کا فیصلہ سمجھداری سے کیا اور وہ خوش قسمت رہیں کہ انہیں والدین کی مدد بھی رہی جب کہ انہیں معاشی مسائل بھی پیش نہ آئے، کیوں کہ انہوں نے کئی سال تک کام بھی کیا تھا۔

اداکارہ نے بتایا کہ دبئی منتقل ہونے کے بعد ان کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی اور اس وقت ان کی صورتحال پہلے سے بلکل مختلف تھی، وہ بیرون ملک میں اکیلی تھیں اور انہوں نے سب کچھ اپنی پسند اور فیصلے کے تحت کیا لیکن انہیں کسی فیصلے پر کوئی پچھتاوا نہیں۔

آمنہ شیخ نے انٹرویو کے دوران اپنی پہلی شادی کی ناکامی اور دوسری شادی پر کھل کر بات نہیں کی، تاہم بتایا کہ انہوں نے اپنی مرضی سے نئی زندگی اور دوبارہ خاندان بنانے کا فیصلہ کیا۔

آمنہ شیخ کی پہلی شادی اداکار محب مرزا سے 2005 میں ہوئی تھی اور ان کے ہاں 2015 میں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی، جس کے چند سال بعد ہی جوڑے کے درمیان اختلافات شروع ہوگئے تھے۔

اختلافات کے بعد دونوں کے درمیان 2019 کے آغاز میں ہی طلاق کی خبریں سامنے آئی تھیں بعد ازں محب مرزا نے سال کے اختتام تک آمنہ شیخ سے علیحدگی کی تصدیق کی تھی۔ آمنہ شیخ نے اگست 2020 میں عمر فاروقی سے دوسری شادی کی تھی اور ان کے ہاں ستمبر 2021 میں دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔

ان کی طرح محب مرزا نے بھی 2023 میں اداکارہ و ماڈل صںم سعید سے دوسری شادی کی تصدیق کی تھی، صنم سعید کی بھی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوئی تھی۔




Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں