فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کہا ہے کہ پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کی انعامی رقم پر20 فیصد ٹیکس لگے گا۔
حکام ایف بی آر کے مطابق ارشد ندیم واپڈا میں گریڈ 18 کے ملازم ہیں اور انکم ٹیکس فائلرز ہیں، انکم ٹیکس ایکٹ سیکشن 156 کے تحت 20 فیصد ٹیکس لگتا ہے۔
حکام نے بتایاکہ کرکٹرز سمیت تمام کھلاڑیوں کی انعامی رقم پر 20 فیصد کٹوتی ہوتی ہے۔
حکام کے مطابق ایف بی آر ارشد ندیم کی انعامی رقم پر ٹیکس معاف کرنے کا اختیار نہیں رکھتا، انعامی رقم پر معافی یا رعایت کا اختیار وفاقی کابینہ کو ہے۔
حکام ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ارشد ندیم کیلئے اب تک اعلان کردہ رقم کا حجم 30 کروڑ روپے ہے اور اس پر 6 کروڑ روپے ٹیکس بنتا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا۔ وہ پاکستان کی جانب سے اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔