قابض اسرائیلی فوج نے الشفا اسپتال کے بعد جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کے النصر اور ال امل اسپتال کا محاصرہ شروع کر دیا۔ اسرائیلی طیاروں نے ال امل اسپتال کے اطراف 40 اہداف کو نشانہ بنایا اور اسپتال کے ایمرجنسی روم پر بھی دھاوا بول دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فورسز کی جانب سے دونوں اسپتالوں کے اطراف شدید بمباری اور فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
فلسطینی ہلال احمر کے مطابق ال امل اسپتال کمپلیکس اسرائیلی حملوں کی زد میں ہے، اسرائیلی طیاروں نے ال امل اسپتال کے اطراف 40 اہداف کو نشانہ بنایا اور اسپتال کے ایمرجنسی روم پر بھی دھاوا بول دیا ہے۔
فلسطینی ہلال احمر کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ال امل اسپتال سے زخمیوں اور عملے کو بےدخل کرنے کے لیے اسموگ بموں سے حملے کیے جبکہ اسپتال میں سینکڑوں بےگھر فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حملوں کے دوران فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کا ایک رکن شہید ہوگیا ہے۔
قابض اسرائیلیوں نے رفح میں مکان پر بمباری کی جس کے نتیجےمیں 7 فلسطینی شہید ہوگئے، بتایا جارہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے 24 گھنٹوں میں مزید 84 سے زیادہ فلسطینی شہید کر دیے۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی جارحیت کےجواب میں حماس کی جانب سے بھی جوابی حملے جاری ہیں، حماس نےالشفا میڈیکل کمپلیکس کے اطراف 3 صیہونی فوجیوں کو نشانہ بنایا۔
اس حوالے سے حماس کا کہنا ہے کہ القسام بریگیڈ اور القدس بریگیڈ نے اسرائیلی فوج کوبھاری نقصان پہنچایا۔