Thursday, December 26, 2024
ہومBreaking Newsاسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلیے قومی اسمبلی کا اجلاس شروع

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلیے قومی اسمبلی کا اجلاس شروع


اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے سلسلے میں قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیرِ صدارت شروع ہو گیا۔ مسلم لیگ ن کے اسپیکر کے لیے امیدوار سردار ایاز صادق اور سنی اتحاد کونسل کے نامزد امیدوار برائے اسپیکر عامر ڈوگر قومی اسمبلی میں موجود ہیں۔

اسپیکر راجہ پرویز اشرف کا بطور بائیسویں اسپیکر آج عہدے کا آخری دن ہے۔ مسلم لیگ ن کے اسپیکر کے لیے امیدوار سردار ایاز صادق اور سنی اتحاد کونسل کے نامزد امیدوار برائے اسپیکر عامر ڈوگر قومی اسمبلی میں موجود ہیں۔

ن لیگ کی حکمتِ عملی طے

 

مسلم لیگ ن نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کی حکمتِ عملی طے کر لی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اس حوالے سے مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا ہونے والا اجلاس ختم ہو گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ن لیگ نے حاضر ارکان کے ووٹ جلد سے جلد پول کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے اپوزیشن کے احتجاج سے متعلق بھی حکمتِ عملی طے کر لی گئی ہے۔

سنی اتحاد کونسل کا پارلیمان میں احتجاج کا فیصلہ

 

سنی اتحاد کونسل کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اپوزیشن لابی میں منعقد ہوا جس میں اراکین نے پارلیمان میں احتجاج کا فیصلہ کر لیا۔ اجلاس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کی حکمتِ عملی پر بھی مشاورت ہوئی۔

اجلاس اختتام پزیر ہوتے ہی سنی اتحاد کونسل کے اراکین اسمبلی ہال میں آ گئے۔ اجلاس میں شرکت اور اسپیکر وڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں حصہ لینے کے لیے ممبرانِ اسمبلی بڑی تعداد میں پہنچے ہیں۔

جتنی پارلیمنٹ حکومت کی ہے اتنی ہی اپوزیشن کی ہے: ایاز صادق

 

مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق نے کہا ہے کہ جتنی پارلیمنٹ حکومت کی ہے اتنی ہی اپوزیشن کی ہے۔ اتحادی جماعتوں کے اسپیکر کے لیے ن لیگ کے نامزد امیدوار سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ آمد پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے سب دوست اور بھائی ہیں۔

ایاز صادق نے کہا کہ ایک دوسرے کے خلاف الیکشن لڑنا یہ جمہوریت کا حُسن ہے، کوئی دشمنی تو ہے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کا تقدس برقرار رکھنا ہر ممبر کی ذمے داری ہے، شور شرابا ہوا تو تقاریر نہیں ہو سکیں گی، مسائل پر بات چیت نہیں ہو سکے گی۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ سیشن چلانا کبھی بھی آسان نہیں ہوتا چاہے کم لوگ ہوں یا لوگ واک آؤٹ بھی کر جائیں، سیشن چلانا بڑی اور بھاری ذمے داری ہے، اس کرسی پر بڑے ضبط سے بیٹھنا پڑتا ہے۔

ہمارا مینڈیٹ چھینا گیا ہے، اسے واپس کیا جائے: عامر ڈوگر

 

عامر ڈوگر نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ تمام تر تحفظات کے ساتھ آئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ہاؤس نا مکمل ہے تو نامکمل ہاؤس کا کیا تقدس ہو گا؟ لیکن ہم نے الیکشن لڑا ہے تو اپنا آئینی کردار ادا کریں گے۔

عامر ڈوگر کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم اپنا مطالبہ آج بھی دہرائیں گے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمارا مینڈیٹ چھینا گیا ہے، اسے واپس کیا جائے۔ سنی اتحاد کونسل کے سردار لطیف کھوسہ، زرتاج گل، بیرسٹر گوہر پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے۔

اسد قیصر، علیم خان، عطاء تارڑ، شائستہ پرویز، امیر مقام، حنیف عباسی، سردار یوسف، عاطف خان پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے۔

 




Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں