پاکستانی فلم اسٹار میرا نے 8 فروری کو ہونے والے الیکشن کے لیے خواتین سے ووٹ کاسٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اداکارہ میرا کا ویڈیو پیغام وائرل ہورہا ہے جس میں اُنہوں نے کہا کہ “میں اپنی فیملی کے ہمراہ نیویارک میں موجود ہوں اور یہاں بھی الیکشن کا سماں ہے، میری فیملی میں بھی سب 8 فروری کو پاکستان میں ہونے الیکشن کے حوالے سے گفتگو کررہے ہیں”۔
میرا نے کہا کہ “میں اپنے والد صاحب کے ساتھ یہی گفتگو کررہی تھی کہ پاکستانی خواتین کو لازمی ووٹ ڈالنا چاہیے کیونکہ معاشرے کی تبدیلی میں خواتین کا کردار بہت اہم ہوتا ہے”۔
اداکارہ نے پاکستانی خواتین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ “آپ اپنی فیملیز کے ہمراہ 8 فروری کو لازمی ووٹ ڈالیں، اپنے پسندیدہ لیڈر کو ووٹ دیں اور اپنے حق کا استعمال کریں”۔
اُنہوں نے کہا کہ “ووٹ ڈالنا آپ کا حق ہے، آپ ہی اپنے ووٹ کے ذریعے پاکستان اور اپنا مستقبل تبدیل کرسکتی ہیں لہٰذا میری اپیل ہے کہ آپ لازمی ووٹ ڈالیں”۔
میرا نے نیویارک کے موسم سے متعلق کہا کہ “یہاں موسم بہت زبردست ہے، میرے گھر میں خواتین کھانا پکا رہی ہیں جبکہ میرے والد صاحب جامن کھا رہے ہیں کیونکہ وہ شوگر کے مریض ہیں”۔
فلم اسٹار نے پاکستان کی خواتین سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا کہ “آپ بھی اپنی صحت کا خیال رکھیں، اپنے مستقبل اور پاکستان کا بھی خیال رکھیں”۔