Tuesday, December 31, 2024
ہومBreaking Newsانتخابات 2024: قومی اسمبلی میں کس کی پوزیشن کیا؟

انتخابات 2024: قومی اسمبلی میں کس کی پوزیشن کیا؟


الیکشن کمیشن کو قومی اسمبلی کے تمام 266 حلقوں میں سے 264 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہوگئے، این اے 88 خوشاب کا نتیجہ روک لیا گیا جبکہ این اے 8 باجوڑ میں پولنگ ملتوی کی گئی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی میں کامیاب ہونے والے پی ٹی آئی کے آزاد امیدواروں سمیت مجموعی تعداد 101 ہوگئی ہے۔ مسلم لیگ ن اب تک 75 نشستوں پر کامیاب ہوئی ہے تاہم 4 آزاد امیدواروں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا ہے جب کہ پیپلز پارٹی کے کامیاب امیدوار 54 ہوگئے ہیں۔

ایم کیو ایم 17، جے یو آئی 4، پاکستان مسلم لیگ ق 3 جبکہ استحکامِ پاکستان پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی 2، 2 نشستوں پر کامیاب قرار پائے۔ نیشنل پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، پختونخوا نیشنل عوامی پارٹی، مسلم لیگ ضیا اور ایم ڈبلیو ایم ایک ایک نشست جیت سکے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ای ایم ایس سسٹم پر موصول ہونے والے عام انتخابات 2024ء کے حتمی و سرکاری نتائج میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے بڑی تعداد میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔

عام انتخابات کے بعد حکومت سازی کیلئے جوڑ توڑ جاری ہے جس میں آزاد امیدواروں کو گیم چینجر کی حیثیت حاصل ہے۔

حکومت سازی کیلئے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت میں رابطے ہورہے ہیں جب کہ ایم کیو ایم کا وفد بھی (ن) لیگ کے قائدین سے لاہور میں ملاقات کرچکا ہے۔

ذرائع کے مطابق (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے درمیان ہونے والی ملاقات میں لیگی وفد نے مؤقف اپنایا کہ وزیراعظم مسلم لیگ ن کا ہوگا جبکہ آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی بلاول بھٹو کو وزیراعظم کا امیدوار نامزد کر چکی ہے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں رہنماؤں کی جانب سے آدھی مدت کیلئے ن لیگ اورآدھی مدت کیلئے پیپلز پارٹی کے وزیراعظم کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔




Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں