مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر ہماری حکومت ختم نہیں کی جاتی تو آج پورے پاکستان میں کوئی بے روزگار نہیں ہوتا اور ملک میں ترقی ہوتی، اگر ہماری حکومت ختم نہ کی جاتی تو آج نوجوانوں کے پاس روزگار ہوتا۔
قصور کے علاقے کھڈیاں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ الیکشن 8 کو ہیں لیکن آج یہاں جشن کا سماں ہے اور نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود ہے، عوام کا پہاڑ ہے، سفید داڑھی والا بھی یوتھ ہے اور ہم سب یوتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف یہاں سے الیکشن لڑ رہے ہیں، اس کی سمجھ مجھے آرہی ہے اور یہاں جو جذبہ موجود ہے اس کی بھی سمجھ ہے، شہباز شریف کو یقین ہے کہ کھڈیاں کی تقدیر بدلنے والی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف 9 کے بعد تو آئیں گے لیکن یہ بتا کر جائیں کے کھڈیاں اور کوٹ رادھاکشن کو کیا دے کر جا رہے ہوں اور ان کو کچھ دیے بغیر جانے نہیں دینا اور یہاں کی تقدیر بدل جانی چاہیے۔
نواز شریف نے کہا کہ میری حکومت ختم نہیں کی جاتی تو کوئی بھی نوجوان بے روزگار نہیں ہوتا اور سب کے پاس باعزت روزگار ہوتا اور یہ بات میں یقین سے کہہ رہا ہے اور دعوے کے ساتھ کہتا ہوں کہ نواز شریف کا دورہ جاری رہتا تو پورے ملک میں کوئی بے روزگار نہیں رہتا، یہ بات کوئٹہ، پشاور، لاہور اور کراچی کے عوام بھی سن لیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت ٹھوکرے کھائی ہیں لیکن ہمیں ان ٹھوکروں اور مشکلوں سے باہرنکلنا، پھر ترقی کی دوڑ میں شامل ہونا ہے اور ہم نے پھر ایشین ٹائیگر بننا ہے، میرے سامنے بڑے کام کے لوگ بیٹھےہوئے ہیں، ان سے کام لو اور اس جذبے کو پاکستان کے لیے استعمال کرو، یہ جذبہ پاکستان میں انقلاب پیدا کرے گا اور پاکستان کی تقدیر بدل دے گا۔
مسلم لیگ(ن) کے قائد نے کہا کہ شہباز شریف وعدہ کریں کہ کھڈیاں کی سڑکیں پیرس کی سڑکوں کو مات کرے، راستہ کسی موٹروے سے کم نہیں ہونا چاہیے، کھڈیاں کا کیا قصور ہے کہ یہاں یونیورسٹی نہیں بنی۔