Friday, December 27, 2024
ہومBreaking Newsایمرجنگ ٹی20 ایشیاکپ؛ بھارت کی سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو...

ایمرجنگ ٹی20 ایشیاکپ؛ بھارت کی سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 7 رنز سے شکست


ایمرجنگ ٹیمز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے چوتھے میچ میں انڈیا اے نے پاکستان شاہینز کو 7 رنز سے شکست دے دی۔

عمان کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ میں گروپ بی کے اس میچ میں انڈیا اے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔

انڈیا اے کی اننگز میں اوپنرز پرابھسمرن سنگھ اور ابھیشیک شرما نے جارحانہ انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو پاور پلے کے 6 اوورز میں 68 رنز کا اسٹارٹ دیا جس میں عباس آفریدی کے ایک اوور میں بننے والے25 رنز بھی شامل تھے۔

اوپنر ابھیشیک شرما 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 35 رنز بناکر سفیان مقیم کی گیند پر آؤٹ ہوئے، دوسری جانب عرفات منہاس نے پرابھسمرن سنگھ کی وکٹ حاصل کرڈالی جنہوں نے 3چھکوں اور 3چوکوں کی مدد سے36 رنز اسکور کیے۔

سفیان مقیم نے اپنی دوسری وکٹ نیہال ودھیرا کو 25 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کرکے حاصل کی، انڈیا اے کی چوتھی وکٹ آیوش بدونی کی شکل میں قاسم اکرم نے حاصل کی، اسوقت انڈیا اے کا اسکور 15 ویں اوور میں 120 رنز تھا۔

کپتان تلک ورما اور رمندیپ سنگھ کی جارحانہ بیٹنگ نے انڈیا اے کی پوزیشن کو بہتربنادیا، ان دونوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں43 رنز کا اضافہ کیا، تاہم آخری دو اوورز میں بننے والے 26 رنز کی وجہ سے انڈیا اے 183 کے اسکور تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔

پاکستان شاہینز کی جانب سے سفیان مقیم نے 2 وکٹیں حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان شاہینز کی اننگز ابتدا ہی سے مشکلات سے دوچار رہی، پہلے ہی اوور میں کپتان محمد حارث کی وکٹ گری جس کے بعد وقفے وقفے سے عمیر بن یوسف ( 2 ) یاسرخان (33) اور قاسم اکرم (27) رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، یاسر خان کی اننگز میں تین چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔

78 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد عرفات منہاس نے اسکور بورڈ کو رکنے نہیں دیا اور 41 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، انہوں نے حیدر علی کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 48 اور عبدالصمد کے ساتھ چھٹی وکٹ کی شراکت میں 26 رنز کا اضافہ کیا۔

عبدالصمد نے اپنے مخصوص جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 15 گیندوں پر 25 رنز اسکور کیے جس میں 2 چوکے اور 2چھکے شامل تھے لیکن آخری اوور کی پہلی گیند پر ان کے آؤٹ ہونے سے پاکستانی ٹیم جیت سے دور ہوگئی۔

پاکستان شاہینز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے، شاہینز کو آخری اوور میں جیت کے لیے 17 رنز درکار تھے تاہم انڈیا اے کی بہترین باؤلنگ اور فیلڈنگ کی بدولت قومی ٹیم ہدف حاصل نہ کرسکی۔

انڈیا اے کے انشول کمبوج 3 وکٹیں لے کر نمایاں باؤلر رہے۔

ایمرجنگ ٹیمز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں پاکستان شاہینز اپنا دوسرا میچ 21 اکتوبر کو میزبان عمان کے خلاف کھیلے گی جبکہ اس کا تیسرا گروپ میچ 23 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف ہوگا۔




Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں