Wednesday, January 1, 2025
ہومBreaking Newsایمنڈا کا علی امین گنڈاپور سے معافی مانگنے کا مطالبہ

ایمنڈا کا علی امین گنڈاپور سے معافی مانگنے کا مطالبہ


ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا نیوز ڈائریکٹر ایسوسی ایشن(ایمنڈا) نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے صحافیوں سے متعلق نازیبا زبان کے استعمال اور دھمکی آمیز بیان کی مذمت کرتے ہوئے ان سے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔

ایمنڈا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے عوامی جلسے میں صحافیوں سے متعلق انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور نامناسب گفتگو کی، ان پر سنگین الزامات عائد کیے اور دھمکیاں دیں جو ناقابلِ برداشت ہے۔

ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں صحافی انتہائی نامساعد حالات میں اپنے فرائض ادا کر رہے ہیں۔ تمام تر دباؤ اور پابندیوں کے باوجود اپنا فرض ادا کرنے والے صحافیوں کے خلاف اس قسم کی زبان استعمال کرنے پر تحریک انصاف کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے باز پرس کرنی چاہیے اور علی امین گنڈاپور کو ان نامناسب الفاظ کی ادائیگی پر صحافی برادری سے معافی مانگنی چاہیے۔

ایمنڈا نے جلسے کی کوریچ کرنے والے بعض چینل کے صحافیوں کو سیاسی کارکنوں کی جانب سے ہراساں کرنے اور انہیں اپنے فرائض کی ادائیگی سے روکنے کے واقعات کی مذمت کی اور کہا کہ سیاسی قیادت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سیاسی جماعتوں کے کارکنان کو اشتعال دلانے کا سبب بنتے ہیں جس سے میڈیا ورکرز کی جان و مال کو خطرات لاحق ہوجاتے ہیں۔

ایمنڈا نے پاکستان میں صحافیوں کو درپیش خطرات اور اظہار رائے پر پابندیوں کی صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو غیراعلانیہ سینسرشپ، سیاسی جلسوں اور سرگرمیوں کی کوریج پر غیر قانونی پابندیوں کا سامنا ہے جس سے عوام کا حق معلومات بری طرح متاثر ہورہا ہے۔ آزاد میڈیا سے ہی جمہوری معاشرہ پروان چڑھ سکتا ہے اور یہی ریاست، سیاست اور عوام کے مفاد میں ہے۔




Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں