Thursday, December 26, 2024
ہومBreaking Newsایم پاکس سے بچاؤ سے متعلق ایڈوائزری جاری

ایم پاکس سے بچاؤ سے متعلق ایڈوائزری جاری


عالمی ادارہ صحت کے بعد محکمہ صحت سندھ نے بھی منکی پاکس سے بچاؤ سے متعلق ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے سندھ کے تمام سرکاری و نجی ہسپتالوں کو وائرس سے متعلق الرٹ کردیا۔

محکمہ صحت سندھ کی ایڈوایزی کے میں ایم پاکس انفیکشن کی جانوروں سے انسانوں یا انسان سے انسان سے منتقلی اور پھیلاؤ کے بارے میں آگاہی دی گئی ہے۔

ایڈوائزری میں منکی پاکس انفیکشن کی علامات اور مرض کی تشخیص کے بعد مریض کو ضروری سامان کے ساتھ قرنطینہ کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔

اس میں ایم پاکس سے بچاؤ کے لیے ہاتھوں کی صفائی، سینیٹائزر، این 95 ماسک کا استعمال بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان ائیر پورٹس اتھارٹی(پی اے اے) کے کراچی میں واقع ہیڈ آفس کی جانب سے جاری بیا میں کہا گیا کہ منکی پاکس کے حوالے سے ملکی ایئرپورٹس پر کڑی نگرانی جاری ہے، دیگر ائیر پورٹس کی طرح اسلام آباد اور پشاور ائیرپورٹس پر بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ خیبرپختونخوا (کے پی) ڈاکٹر سلیم نے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں قرنطینہ کا دورہ کیا جب کہ ڈائریکٹر ہیلتھ کے پی ڈاکٹر ارشاد اور ائیرپورٹ ہیلتھ افسر اور ڈی ٹی ایم نے بھی انتظامات کا جائزہ لیا۔

پی اے اے نے بتایا کہ ڈی جی ہیلتھ کے پی نے انٹرنیشنل آرائیول لاؤنج میں واقع قرنطینہ کا دورہ کیا اور ایم پاکس کی روک تھام کے لیے انتظامات اور پروٹوکولز کا بھی جائزہ لیا۔

بیان میں کہا گیا کہ پشاور ائیرپورٹ انتظامیہ نے بتایا کہ مونکی پاکس میں مبتلا افراد کو قرنطینہ سے ریسکیو 1122 ایمبولینس کے ذریعے پولیس ہسپتال منتقل کیا جائے گا، آسلام آباد ایئرپورٹ پر بھی بین الاقوامی پروازوں کی آمد کے بعد ڈسں انفیکشن اسپرے کرایا جا رہا ہے۔

عالمی صحت کے عہدیداروں نے جمعرات کو سویڈن میں ایم پاکس وائرس کے ایک نئے انفیکشن کی تصدیق کی تھی اور اسے افریقہ میں پھیلے ہوئے وائرس سے منسلک کردیا تھا، عالمی ادارہ صحت کی جانب سے اس بیماری کو عالمی سطح پر عوامی قرار دینے کے ایک دن بعد براعظم سے باہر اس کے پھیلاؤ کا یہ پہلا کیس تھا۔

جنوری 2023 میں موجودہ وبا شروع ہونے کے بعد کانگو میں 27,000 کیسز اور 1,100 سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں، خاص طور پر بچوں میں۔

ڈبلیو ایچ او کی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ مونکی پاکس وائرس کی وجہ سے ہونے والی یہ بیماری دردناک خارش، بڑھے ہوئے لمف نوڈس اور بخار کا سبب بن سکتی ہے اور کچھ لوگوں کو بہت شدید بیمار کر سکتی ہے۔

ایم پاکس کی علامات کیا ہیں؟

ابتدائی علامات میں بخار، سر درد، سوجن، کمر درد اور پٹھوں میں درد شامل ہیں۔

بخار ٹوٹنے کے بعد دانے پڑ سکتے ہیں جو اکثر چہرے سے شروع ہو کر جسم کے دیگر حصوں میں پھیل جاتے ہیں جن میں عام طور پر ہاتھوں کی ہتھیلیاں اور پیروں کے تلوے شامل ہوتے ہیں۔

دانے، جو انتہائی کھجلی والے یا تکلیف دہ ہو سکتے ہیں۔

یہ کھجلی تبدیل ہوتے ہوئے مختلف مراحل سے گزرتی ہے اور آخر کار خارش کی شکل اختیار کر جاتی ہے جو بعد میں زحموں کا سبب بن سکتی ہے۔

انفیکشن عام طور پر خود بخود ختم ہو جاتا ہے اور 14 سے 21 دن کے درمیان رہتا ہے۔

سنگین معاملات میں زخم پورے جسم پر ہو سکتے ہیں خاص طور پر منہ ، آنکھوں اور جنسی اعضا پر بھی۔

یہ مرض کیسے پھیلتا ہے؟

ایم پاکس کسی متاثرہ شخص کے ساتھ قریبی رابطے کے ذریعے دوسرے افراد میں پھیلتا ہے, ان رابطوں میں جنسی تعلقات، جلد سے جلد کے رابطے اور کسی دوسرے شخص کے قریب بیٹھ کر بات کرنا یا سانس لینا بھی شامل ہے, یہ وائرس زخمی جلد، سانس کی نالی یا آنکھوں، ناک یا منہ کے ذریعے جسم میں داخل ہوسکتا ہے, یہ وائرس سے آلودہ ہونے والی چیزوں کو چھونے سے بھی پھیل سکتا ہے جیسے بستر، کپڑے اور تولیہ۔

بندروں، چوہوں اور گلہری جیسے متاثرہ جانوروں کے ساتھ قریبی رابطہ ایک اور وجہ ہے,2022 میں عالمی وبا کے دوران یہ وائرس زیادہ تر جنسی رابطے کے ذریعے پھیلا تھا, کانگو سے موجودہ وبا جنسی رابطے کی وجہ سے پھیل رہی ہے لیکن یہ دیگر برادریوں میں بھی پائی گئی ہے۔

اس کا علاج کیسے کیا جا سکتا ہے؟

ایم پاکس کے پھیلاؤ کو انفیکشن روک کر کنٹرول کیا جا سکتا ہے اور یسا کرنے کا بہترین طریقہ ویکسین کا استعمال ہے۔

ڈبلیو ایچ او نے حال ہی میں دوا ساز کمپنیوں سے کہا ہے کہ جن ممالک میں اشد ضرورت ہے وہ اپنی ایم پوکس ویکسین کو ہنگامی استعمال کے لیے پیش کریں، بے شک یہ ویکسین باضابطہ طور پر منظور شدہ نہ بھی ہو۔

اب جبکہ صحت عامہ کی ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا گیا ہے، امید ہے کہ حکومتیں اپنے ردعمل کو بہتر طریقے سے مربوط کر کے ممکنہ طور پر متاثرہ علاقوں میں طبی سامان اور امداد پہنچانے میں تیزی لائیں گی۔




Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں