قومی ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار بلے باز بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ آج جس مقام پر کھڑے ہیں وہ اس سے مطمئن نہیں ہیں، جب فلاپ ہوجاتے ہیں تو سینئر کھلاڑیوں اور کوچز سے بات کرتے ہیں اور ٖغلطیوں سے سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
بابر اعظم نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وہ کئی بار ناکام ہوئے لیکن ہمیں ہر چیز کے لیے تیار رہنا ہوتا ہے، میں آج جہاں کھڑا ہوں اس سے مطمئن نہیں ہوں، روزانہ کچھ نیا سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں اور ہر وقت ایک نئی منزل تک پہنچنے کی کوشش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جب وہ اچھی کارکردگی نہیں دکھا پاتے تو لوگوں سے بات کرتے ہیں، اپنی نیٹ ویڈیوز دیکھ کر لوگوں سے مشورہ لیتے ہیں، اپنی غلطیوں پر کوچز اور سینئر کھلاڑیوں سے تجزیہ لیتے ہیں۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان نے کور ڈرائیو پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی اسٹرنتھ ہے، یہ شاٹ مارنے کے بعد ان کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے، انہوں نے کور ڈرائیو پر بہت محنت کی ہے اور انہیں لگتا ہے کہ انہوں نے کور ڈرائیو ؐمیں مہارت حاصل کرلی ہے۔
بابر اعظم نے مزید کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میچز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا اچھی بات ہے لیکن سینئر اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا ہونا بھی لازم ہے کیونکہ تجربہ کار کھلاڑی ہی مشکل وقت سے نکال سکتے ہیں اور دباؤ کو ہینڈل کرسکتے ہیں، ٹیم میں سینئر کھلاڑیوں کو شامل کرنے سے نوجوان کھلاڑیوں کو بھی سیکھنے کاموقع ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایشین کھلاڑیوں کو آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور ساؤتھ افریقہ میں مشکل پیش آتی ہے، اس کا حل ایک ہی ہے باؤنس اور پیس کے لیے خود کو تیار کریں۔