تحریک انصاف کے رہنما سیف اللہ ابڑو نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-194 سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ میری کل چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات ہوئی اور اپنے حلقہ این اے-194 سے دستبردار ہوتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے بلاول بھٹو زرداری کے حق میں دستبردار ہوکر شیر کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بلاول بھٹو نے ایکس پر اپنی پوسٹ کے ذریعے پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈر سینیٹر سیف اللہ ابڑو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ این اے 194 پر پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر سینیٹر ابڑو کی جانب سے حمایت کرنے پر ان کا مشکور ہوں۔
میری کل چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی اور اپنے حلقہ NA-194 سے دستبردار ہوتا ہوں۔ یہاں بلاول بھٹو زرداری کے حق میں دستبردار ہوکر شیر کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔@BBhuttoZardari #PPP #PTI
— Senator Saifullah Abro (@SaifullahA_PTI) January 26, 2024
ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنان یہ سمجھنے لگے ہیں کہ مسلم لیگ(ن) کو روکنے کا واحد راستہ 8 فروری کو پیپلز پارٹی کے نشان تیر کو ووٹ دینا ہے۔
انہوں نے تمام جماعتوں کے سیاسی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کا انتہائی سمجھداری سے استعمال کریں کیونکہ اس طرح ہم الیکشن کے دن سرپرائز دے سکتے ہیں۔
پی ٹی آئی کا سیف اللہ ابڑو کو شوکاز نوٹس
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی اور بلاول بھٹو زرداری کے حق میں دستبرداری پر سینیٹر سیف اللہ ابڑو کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔
شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ پارٹی قیادت کے علم میں آیا ہے کہ آپ نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بلاول بھٹو زرداری کے حق میں پارٹی کی طرف سے دیے گئے ٹکٹ سے دستبردار ہو گئے ہیں۔
نوٹس میں کہا گیا کہ آپ سینیٹ آف پاکستان میں پارٹی کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہوئے اور تحریک انصاف نے سیف اللہ ابڑو کو 2024 کے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے پارٹی ٹکٹ سے نوازا لیکن آپ پارٹی ڈسپلن کی سنگین خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ آپ کو ان سرگرمیوں کے پیش نظر شوکاز نوٹس جاری کیا جاتا ہے اور آپ تین دن کے اندر وضاحتی بیان جمع کرائیں اور جواب نہ دینے کی صورت میں پارٹی پالیسی اور قواعد و ضوابط کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔