بقر عید پر چٹ پٹے کھانے بہت شوق اور اہتمام کے ساتھ کھائے جاتے ہیں، گوشت کی مقدار بھی عام دنوں کی نسبت بہت زیادہ لی جاتی ہے، اس سلسلے میں ماہرین صحت نے اہم مشورہ دیا ہے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ بقر عید پر چٹ پٹے کھانے ضرور کھائیں مگر احتیاط سے، بے شک گوشت جسم کو طاقت بخشتا ہے‘ خون پیدا کرتا ہے اور انسان کی صحت کا ضامن بھی ہے لیکن گوشت کا زیادہ استعمال مضر صحت بھی ہے۔
طبی ماہرین کے مشورے کے مطابق عید پر گوشت کھائیں لیکن اعتدال کے ساتھ، اور گوشت کے پکوانوں اور تکے بوٹیوں میں مسالوں کا زیادہ استعمال بھی نقصان دہ ہے،
اس لیے شوگر، دل اور بلند فشار خون کے مریض خصوصی احتیاط کریں۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کلیجی، گردے، مغز اور پائے کھانے سے گریز کریں،
طبی ماہرین باربی کیو سے بھی ہاتھ روکنے کی تلقین کرتے ہیں،
ان کا کہنا ہے کہ باربی کیو کا گوشت مکمل نہیں پکتا، اس لیے جلد ہضم نہیں ہوتا۔
طبی ماہرین کو اس بات کا اندازہ بھی ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر گوشت خوری سے ہاتھ روکنا دشوار ہے‘ اس لیے وہ مشورہ دیتے ہیں کہ سب کھائیں مگر کم مقدار میں۔