بھارتی اداکارہ امرتا پانڈے اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ پائی گئیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 27 سالہ بھوجپوری اداکارہ ریاست بہار کے شہر بھاگلپور میں اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ پائی گئیں۔
پولیس نے بتایا کہ اداکارہ اپنے شوہر کے ساتھ ممبئی میں رہتی ہیں لیکن رواں ماہ وہ اپنی بہن کی شادی میں شرکت کے لیے بھاگلپور آئی تھیں جہاں شادی کی تقریبات ختم ہونے کے بعد اداکارہ نے کچھ دن بھاگلپور میں ہی رہنے کا فیصلہ کیا جب کہ ان کے شوہر ممبئی واپس چلے گئے۔
پولیس کے مطابق 27 اپریل کو اداکارہ اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ پائی گئیں،
ان کی موت کے حوالے سے کوئی خط بھی نہیں ملا البتہ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ اداکارہ نے مرنے سے قبل واٹس ایپ اسٹیٹس لگایا تھا جس سے وہ نا خوش معلوم ہورہی تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس حوالے سے اداکارہ کی فیملی کا کہنا تھا کہ انڈسٹری میں کام نہ ملنے کی وجہ سے وہ اپنے کیرئیر کو لے کر کافی پریشان تھیں اور اسی وجہ سے وہ ذہنی تناؤ کا بھی شکار تھیں جس کا علاج بھی چل رہا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ کی موت خودکشی لگ رہی ہے جس کیلئے مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھوجپوری اسٹار ہونے کے ساتھ ساتھ اداکارہ نے ہندی فلموں، ٹی وی شوز اور ویب سیریز میں بھی کام کیا۔