اداکارہ ثنا نواز نے کہا ہے کہ تنقید شوبز شخصیات کی زندگی کا حصہ ہوتی ہے، لوگ ان کے ہر اچھے یا برے کام پر تنقید کرتے ہیں اور اداکاروں کو اسے زندگی کا حصہ سمجھنا چاہئیے۔
حال ہی میں ثنا نواز نے ایک مزاحیہ پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے فلموں سے کیریئر کا آغاز کیا اور ان کی پہلی فلم سنگم تھی لیکن انہیں یہ دل آپ کا ہوا اور ریشماں میں اپنے کردار بہت پسند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ دونوں فلموں کے علاوہ انہیں ڈراموں میں ادا کیے گئے اپنے بعض کردار اچھے لگتے ہیں جب کہ رنگریزا میں ان کا کردار بہت مختلف تھا۔
ثنا نواز کے مطابق انہیں شروع سے ہی شوبز میں آنے کا شوق تھا لیکن انہیں یہ یاد نہیں کہ انہیں اداکاری کرنے کا شوق کیسے ہوا؟
ایک اور سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ وہ مصروفیات کے باوجود صحت مند زندگی کے لیے روزانہ جم جاتی ہیں اور بچوں کے ساتھ اسپورٹس بھی کھیلتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے دونوں بیٹوں کی کوچ بھی ہیں، وہ بڑے بیٹے کو جو کہ 12 سال کا ہے، انہیں جوڈو سکھاتی ہیں جب کہ چھوٹے بیٹے کو فٹ بال سکھاتی ہیں۔
ثنا نواز کے مطابق وہ فٹنیس کے لیے جم جانے سمیت ہیوی بائیک بھی چلاتی رہتی ہیں، وہ اپنی صحت کے حوالے سے کسی طرح کا کوئی سمجھوتا نہیں کرنا چاہتیں۔
پروگرام کے دوران ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ تنقید اداکاروں کی زندگی کا حصہ ہوتی ہے، انہیں ہر اچھے اور برے کام کے باوجود اسے برداشت کرنا پڑتا ہے۔