پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کا جعلی بیلٹ پیپرز کی چھپائی کی ویڈیو پر ردعمل سامنے آگیا۔
پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا جعلی بیلٹ پیپرز کی چھپائی کی ویڈیو سے متعلق کہنا تھا کہ انتخابات کے 10 روز بعد بھی دھاندلی کا نہایت منظم اور مربوط سلسلہ جاری ہے۔ صحافیوں کی بیان کردہ تفصیلات پر مشتمل ویڈیو واضح طور پر دھاندلی کا انکشاف کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ وہ حلقے جن میں نواز شریف اوران کے خاندان کو شکست ہوئی ان حلقوں کے ریکارڈ سے چھیڑ چھاڑ کیلئے غیر قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور میں ن لیگ کے احسان نامی رہنما کے پرنٹنگ پریس میں ان حلقوں کے جعلی بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل جاری ہے۔ ہم پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ فارم 45 کے مطابق انتخابی نتائج فوری طور پر جاری کئے جائیں۔