متحدہ عرب امارات میں رواں برس رمضان کے 30 روزے ہونے کا امکان ہے جب کہ حکومت کی جانب سے عید کی تعطیلات کا اعلان بھی کردیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات میں عید کی تعطیلات 29 رمضان سے 3 شوال تک ہونے کا اعلان کیا گیا ہے یعنی چاند کے حساب سے 4 سے 6 دن کی چھٹیاں ہوسکتی ہیں اور زیادہ امکان 6 دن کی تعطیلات کا ہے۔
ماہرین فلکیات کے بقول ممکنہ طور پر متحدہ عرب امارات میں پہلا روزہ 12 مارچ کو ہوگا اور اس برس رمضان کا مہینہ 30 دن کا ہونے کا قوی امکان ہے۔
اگر ایسا ہوا تو 29 رمضان سے 3 شوال کی چھٹیاں 6 دن کی ہوجائیں گی کیوں کہ 3 شوال ہفتے کو ہوگی اور اگلے روز اتوار کو بھی ہفتہ وار تعطیل ہوگی۔
اور اگر رمضان 29 دن کا ہوا تو یہ چھٹیاں 4 دن کی ہوں گی جس کا امکان بہت کم ہے۔
متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس 10 مارچ کو ہوگا اور رواں برس روزے کا دورانیہ 13 گھنٹے 45 منٹ سے 14 گھنٹے 25 منٹ تک ہوگا۔