ویتنام سے تعلق رکھنے والی 49 سالہ خاتون نے 30 سال سے نہ سونے کا دعویٰ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 49 سالہ خاتون کا نام اینگائین نیگوک مائی کم (Nguyen Ngoc My Kim ) ہے لیکن مائی کم اپنے شہر میں ’ایسی درزن جو کبھی نہیں سوئی‘ کے نام سے مشہور ہیں۔
میڈیا کو دیے گئے انٹرویوز میں مائی کم نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ دہائیوں سے نہیں سوئی لیکن اس کے باوجود نیند کی کمی نے ان کی صحت کو بالکل متاثر نہیں کیا، وہ بچپن سے ہی بغیر نیند لیے اپنے کام بخوبی سرانجام دے سکتی ہیں۔
مائی کم نے میڈیا کو بتایا کو پہلے وہ پڑھائی کیلئے دیر تک جاگنا پسند کرتی تھیں لیکن اس کے بعد اپنے سلائی کے آرڈرز کو پورا کرنے کیلئے انھیں راتوں کو دیر تک جاگنا پڑا۔
مائی کم کے مطابق ابتدا میں نہ سونے کی وجہ سے ان کی طبیعت بوجھل رہتی تھی، چکر آتے تھے، آرڈرز میں غلطیاں ہو جاتی تھی حتیٰ کہ ٹریفک حادثے کا بھی شکار ہوئی لیکن عرصہ گزرجانے کے بعد اب انھیں نہ سونے کی عادت ہوگئی ہے۔
مائی کم کا کہنا ہے کہ پہلے ان کی بے خوابی کی کیفیت کو صرف چند لوگ تسلیم کرتے تھے لیکن پھر جب انھیں لوگوں نے ہر وقت اسٹال پر کام کرتے ہوئے دیکھا تو انھیں بھی افواہیں درست لگیں اور اس طرح وہ مشہور ہوگئیں۔
رپورٹ کے مطابق مائی کم کی 30 سال سے جاگتے رہنے کی طبی ماہرین کی جانب سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔