Thursday, December 26, 2024
ہومBreaking Newsروایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈکپ کا سب سے بڑا...

روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈکپ کا سب سے بڑا ٹاکراآج ہو گا


امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے سب سے بڑے ٹاکرے میں آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت مدمقابل ہوں گے، قومی ٹیم کو میگا ایونٹ میں اپنا سفر جاری رکھنے کے لیے آج کا میچ جیتنا انتہائی ضروری ہے، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔

نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں روایتی حریف پاک – بھارت ٹاکرا ہونے جارہا ہے، جس کا انتظار ایونٹ کے آغاز سے ہی دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کو ہے اور امریکا میں موجود پاکستان اور بھارتی شہری اس میچ کو دیکھنے کے لیے پرجوش دکھائی دیتے ہیں۔

پاکستان، ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں ایک اور شکست کا متحمل نہیں ہوسکتا کیوں کہ ایونٹ کے افتتاحی میچ میں میزبان امریکا کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد بابراعظم الیون کے لیے مشکلات میں اضافہ ہوچکا ہے اور بھارت کے خلاف ہار کی صورت میں میگا ایونٹ میں قومی ٹیم کے آگے جانے کے امکانات تقریباً ختم ہوجائیں گے۔

امریکی کرکٹ ٹیم کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم ہمیشہ کی طرح اگر مگر کی صورتحال سے دوچار ہوچکا ہے اور اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرنے کے لیے پاکستان کو بھارت سمیت، کینیڈا اور آئرلینڈ کے خلاف بھی جیت کو یقینی بنانا ہوگا۔

پاکستان کو سپر ایٹ مرحلے میں رسائی کی امیدوں کو برقرار رکھنے کے لیے آج لازمی فتح درکار ہے، گروپ اے میں امریکا دو میچز جیت کر پہلی پوزیشن پر ہے اور بھارت آئرلینڈ کو شکست دینے کے بعد دوسری پوزیشن پر موجود ہے۔

تاہم، پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن بھارت کے خلاف کم بیک کے لیے پرامید ہیں کہ قومی ٹیم آج بھارت کے خلاف اچھا کھیل پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو آج کے میچ کی اہمیت کا اندازہ ہے اور وہ پچھلا میچ بھلاکر اس پر فوکس کریں گے۔

نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ کی بات کریں تو یہ اب تک انتہائی خطرناک ثابت ہوئی ہے اور اس پچ سے متعلق حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا، البتہ بھارت اور آئرلینڈ کے میچ کے بعد یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے کہ اس پچ پر بیٹنگ کرنا آسان نہیں ہوگا اور یہ ہمارے بلےبازوں کا اصل امتحان ہوگا۔

دوسری جانب، بھارت آئرلینڈ کے خلاف اسی پچ پر 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے پہلے ہی پراعتماد ہے اور خاص طور پر پچھلے میچ میں روہت شرما اور ریشبھ پانٹ کی بیٹنگ نے ان کے اعتماد میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایونٹس میں پاک – بھارت ٹاکرے کی بات کریں تو اس میں بلاشبہ بھارت کا پلڑا بھاری ہے، جو 12 میں سے 3 میچز اپنے نام کرچکا ہے اور پاکستان کو صرف 3 میں کامیابی ملی ہے، جب کہ آخری بار دونوں ٹیموں کا آمنا سامنا 2022 کے ٹی20 ورلڈکپ میں میلبرن میں ہوا تھا، جہاں ویرات کوہلی نے شاندار اننگز کھیل کر پاکستانیوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا تھا۔

تاہم، پاکستان دبئی میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ 2021 کی یادیں بھی تازہ کرسکتا ہے، جہاں شاہین شاہ آفریدی نے بھارت کے ٹاپ آرڈر کا صفایا کردیا تھا اور اس بار تو شاہین آفریدی کے ساتھ محمد عامر اور نسیم شاہ بھی موجود ہیں، ایسے میں پاکستان ایک بار پھر تاریخ دہراسکتا ہے۔




Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں