سابق امریکی صدر بارک اوباما کا کہنا ہے کہ امریکی عوام صدر کملا ہیرس کے لیے تیار ہیں، امریکا نئے باب اور نئی کہانی کے لیے تیار ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن سے خطاب کے دوران بارک اوباما نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ محسوس کر رہا ہوں کہ نائب صدر کملا ہیرس وائٹ ہاؤس میں قدم رکھنے کو تیار ہیں، تاریخ بائیڈن کو جمہوریت کو بڑے خطرات سے بچانے والے صدر کے طور پر یاد رکھے گی۔
سابق صدر نے کہا کہ ہمیں مزید 4 سال کی بے یقینی، بد نظمی اور انتشار کی ضرورت نہیں، اب ہم سب پر لازم ہے کہ امریکا کے لیے لڑیں جس پر ہم یقین رکھتے ہیں اور کوئی غلطی نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم یہ فلم پہلے بھی دیکھ چکے ہیں اور سب جانتے ہیں کہ سیکوئل عام طور پر بدتر ہوتا ہے۔
دوسری جانب امریکا کے صدارتی الیکشن کی انتخابی مہم میں ہر گزرتے دن کے ساتھ حالات ڈرامائی موڑ اختیار کرتے جارہے ہیں، کملاہیرس کی مقبولیت میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
پہلے عام تاثر یہ تھا کہ ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اپنی ڈیموکریٹ حریف کملاہیرس کو باآسانی ہرا کر کرسی صدارت سنبھال لیں گے تاہم اب صورتحال تبدیل ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔