بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور کوچ انشومن گائیکواڈ طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ان کی عمر 71 برس تھی۔
شائقین کرکٹ کے لیے بُری خبر ہے کہ بھارت کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور کوچ انشومن گائیکواڈ چل بسے ہیں۔ ان کی عمر 71 برس تھی اور وہ طویل عرصے سے بیمار تھے
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق کرکٹر خون کے سرطان جیسے مہلک مرض کا شکار تھے اور طویل عرصے سے زندگی وموت کی جنگ لڑ رہے تھے۔
گائیکواڈ گزشتہ ماہ بھارت واپس آنے سے قبل لندن کے کنگز کالج اسپتال میں بلڈ کینسر کا علاج کروا رہے تھے۔
انشومن گوئیکواڈ نے 1974 سے 1987 کے دوران بھارت کی جانب سے 40 ٹیسٹ اور 15 ون ڈے کھیلے۔
انہوں نے 27 دسمبر 1974 کو کلکتہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا جبکہ اپنا آخری ٹیسٹ میچ بھی کلکتہ میں انگلینڈ کے خلاف 1984 میں کھیلا تھا۔ کھیل سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ کوچنگ کے شعبے سے وابستہ ہو گئے تھے۔