وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ سولر سسٹم پر ٹیکس لگانے سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔ سولر سسٹم پر ٹیکس نہیں لگارہے ہیں نہ ہی نیٹ میٹرنگ پر پابندی لگے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت پاکستان متبادل انرجی کے فروغ پر یقین رکھتی ہے۔ شمسی توانائی کے منصوبوں کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیٹ میٹرنگ سے متعلق کوئی پابندی نہیں لگائی گئی۔
علی پرویز ملک نے یہ بھی کہا کہ پالیسی میں کوئی تبدیلی ہوئی تو وزیراعظم کی مشاورت سے کی جائے گی، شمسی توانائی کے منصوبوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام پر وزیراعظم شہباز شریف کی پوری توجہ ہے، ہم ذمے دارانہ اور مثبت سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔