Friday, December 27, 2024
ہومBreaking Newsسینیٹ کے نو منتخب اراکین نے حلف اٹھالیا، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین...

سینیٹ کے نو منتخب اراکین نے حلف اٹھالیا، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب آج ہوگا


سینیٹ کے نو منتخب اراکین نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھالیا۔ پریزائیڈنگ افسر اسحق ڈار کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس جاری ہے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر بھی ایوان بالا پہنچ گئے، ان کی جانب سے نعرے بازی کی گئی۔ مسلم لیگ (ن) نے سیدال خان ناصر کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے نامزد کردیا۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے بیرسٹر علی طفر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا اجلاس غیر آئینی ہے، خیبر پختونخوا کے سینیٹرز کے بغیر یہ ایک نامکمل سینیٹ ہے، سینیٹ ایک ہاؤس آف فیڈریشن ہے، اس میں ہر صوبے کو نمائندگی کی اجازت ہے، کسی ایک صوبے کی نمائندگی کے بغیر چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کا الیکشن نہیں ہوسکتا، آرٹیکل59 کہتا ہے کہ سینیٹ میں 96 ممبران ہونے چاہیے اور ہر صوبے سے 26 سینیٹرز ہونے چاہیے، اور آرٹیکل 60 کہتا ہے کہ آرٹیکل 59 کے مطابق جب باضابطہ سینیٹ کی تشکیل ہو جاتی ہے تب ہی چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کا الیکشن ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک یہ سینیٹ مکمل نہیں ہوتا تب تک کسی قسم کا الیکشن اخلاقی اور قانونی طور پر ناجائز ہوگا، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کا کردار بہت اہم ہوتا ہے، وہ ہم سبن کے چیئرمین بھی ہوں گے تو یہ نہیں ہوسکتا کہ اتنے اہم عہدے کو سیاست کی نذر کردیں، الیکشن کمیشن ہر وہ اقدام اٹھاتا ہے جو آئینی بحران پیدا کرے، مخصوص نشستوں کے بغیر، وزیر اعظم، صدر اور وزیر اعلی پنجاب کا انتخاب کروادیا لیکن خیبرپختونخوا کے سینیٹرز کی باری آئی تو کمیشن نے اسے روک دیا، اس وقت حقیقیت یہ ہے کہ خیبرپختونخوا کا کوئی بھی یہاں موجود نہیں۔

علی ظفر نے کہا کہ ہم خیبرپختونخوا کے بغیر ان انتخابات کو متنازع بنا رہے ہیں، ہار جیت سیاست کا حصہ ہے، پی ٹی آئی سینیٹ انتخابات کا حصہ بننا چاہتی تھی لیکن اس قسم کی صورتحال ہو جہاں آئین کے مطابق سینیٹ کا اجلاس نا ہو تو ہم اس کا حصہ نہیں بن سکتے، میری التجا ہے کہ سینیٹ کا اجلاس معطل کیا جائے اور تب تک کیا جائے جب تک خیبرپختونخوا میں الیکشنز نہیں ہوجاتے۔

سینیٹر محسن عزیز نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ کے سال کا نیا آغاز ہے، پاکستان کی حفاظت کرنا ہمارے لیے مقدم ہے، کچھ ماہ پہلے اسی ہاؤس میں ہم نے دیکھا کہ جب لوگ چلے گئے تھے اور 12 لوگو موجود تھے تو ایک قرارداد پیش ہوئی الیکشن معطل کرنے کی اور وہ منظور ہوگئی، اس سے ہمارے جگ ہنسائی ہوئی، ہم نے حلف کی خلاف ورزی کی، اب بھی وہی صورتحال ہے، ایک صوبہ اس وقت تفاوت کا شکار ہے، سینیٹ کا ایک اکائی یہاں موجود نہیں تو یہ الیکشن درست نہیں، ان کے ممبران کے بغیر چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن نہیں ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی نمائندگی کے بغیر انتخابات، غیر قانونی ہوں گے، اس سے ہم صوبے کے عوام کو تکلیف دیں گے، ہمیں یہ کھلواڑ نہیں کرنا چاہیے، یہ ایوان سب کا ہے، ہمیں اس کا احترام کرنا چاہیے، الیکشن ہوجائیں گے لیکن اگر آج ملتوی ہوجائیں تو کیا قباحت ہے؟ اگر یہ ہوگئے تو ساری دنیا میں پیغام جائے گا کہ یہ بھی غیر قانونی ہیں، ہمیں اس غیر آئینی عمل کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔

بعد ازاں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہحلف لینے سے پہلے سینیٹرز کو اظہار خیال کی اجازت نہیں ہوتی، آئینی مینڈیٹ کے باوجود پی ٹی آئی سینیٹرز کو بولنےکاموقع دیا گیا، آرٹیکل 60 میں سب کچھ واضح ہے، آرٹیکل 60 کہتا ہے کہ ایوان کی باضابطہ تشکیل کے بعد پہلے اجلاس میں چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ہونا ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے، خیبرپختونخوا میں الیکشن کسی قدرتی آفت پر ملتوی نہیں ہوئے ہیں، وہاں پہ مخصوص نشستوں پر جو ممبر منتخب تھے انہیں حلف لینا تھا، وزیر اعلی نے سینسش نلانا تھا اور اسپیکر نے حلف لینا تھا مگر یہ نہیں ہوا، منتخب ممبران نے اس پر پشاور ہائیکورٹ نے حلف لینا کا کہا مگر حکومت نے اسے ہوا میں اڑایا، اسی پر الیکشن کمیشن نے حلف نا ہونے کی وجہ سے ہی انتخابات ملتوی کیے۔

وزیر قانون نے کہا کہ انتخابی عمل سے روکیں، ووٹ ڈالنے سے روکیں، عدالتی حکم کے باوجود حلف نا لیں اور پھر کہیں کہ انتخابات ملتوی کروائیں جائیں یہ نہیں ہوسکتا۔

بعد ازاں نو منتخب اراکین نے حلف اٹھایا، تحریک انصاف کے اراکین کا ایوان میں احتجاج جاری ہے۔

بعد ازاں سینیٹر اسحق ڈار نے حلف اٹھانے والے تمام سینیٹرز کومبارکباد پیش کی، حلف اٹھانے والے سینیٹرز نے اپنےنام کےآگے دستخط کیے۔

واضح رہے کہ ملک کے ایوان بالا سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کے لیے پولنگ آج قومی اسمبلی میں ہوگی، سینیٹ اجلاس کے لیے 10 نکاتی ایجنڈا جاری ہوا ہے۔




Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں