شاہین شاہ آفریدی کی ٹی 20 قیادت کیلیے خطرے کی گھنٹی بج گئی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ممکنہ قیادت کے بارے میں سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ ابھی تک تو میں بھی نہیں جانتا کہ کپتان کون ہوگا، شاہین شاہ آفریدی ہی کپتان ہوں گے یا نیا آئے گا، اس کا فیصلہ سوچ سمجھ کر ہو گا۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ کئی تکنیکی عوامل کا جائزہ لیا جارہا ہے، سلیکشن کمیٹی مشاورت کررہی ہے، تربیتی کیمپ مکمل ہونے پر کوئی فیصلہ کرلیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک بار کسی کو کپتان بنایا تو طویل مدت کیلیے ہوگا، ایک میچ ہارنے پر تبدیلی کی بات نہیں ہوگی، محمد عامر کے بارے میں بھی سلیکشن کمیٹی کرے گی، ابھی سلیکٹرز کا تقرر ہوا ہے، انھیں تھوڑا وقت دیں، مثبت چیزیں جلد سامنے آنا شروع ہوجائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عماد وسیم کو یک نکاتی انداز میں صرف یہ کہا گیا ہے کہ واپس آ جائیں اور کھیلیں، ورلڈ کپ کیلیے ٹیم مضبوط کرنے کی ضرورت تھی، ان سے سادہ سی بات ہوئی۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پی ایس ایل9 کے اچھے پرفارمرز کو کیمپ میں بلا رہے ہیں، کسی لابی کی نہیں سنیں گے، کمیٹی میرٹ پر کام کرے گی، سب چاہتے ہیں کہ ٹی 20 ورلڈکپ کیلیے ایک مضبوط ٹیم بنے،کنٹریکٹ کے مطابق لیگز کے حوالے سے سب کیلیے یکساں این او سی پالیسی ہو گی، کسی کھلاڑی کے ساتھ فیورٹ ازم نہیں ہو گا۔