بھارتی ریاست بہار میں انتہائی غیر معمولی واقعہ پیش آیا جب ایک شخص نے اپنی بیوی کی شادی اس کے بچپن کے دوست اور محبت سے کروا دی۔
بالی وڈ کے فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کی مشہورِ زمانہ فلم ‘ہم دل دے چکے صنم’ میں یہ ہی کہانی دکھائی گئی تھی جس میں اداکار اجے دیوگن کا کردار اپنی اہلیہ (ایشوریا رائے) کی شادی اس کے پیار (سلمان خان) سے کروانے کی کوشش کرتا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اب بہار میں 26 سالہ شوہر راجیش کمار نے اپنی 22 سالہ اہلیہ خوشبو کماری کی شادی اس کے بچپن کے دوست 24 سالہ چندن کمار سے کروادی۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق خوشبو کے سسرال والوں کو چندن کے ساتھ اس کے تعلقات کا پتا چلا جب انہوں نے اسے رات گئے ان کے گھر پر ملتے ہوئے پکڑا، اس کے بعد راجیش اس معاملے کو گاؤں والوں کے سامنے لے گیا اور اپنی بیوی کی اس شخص سے شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔
راجیش نے اس حوالے سے کہا ‘میری اہلیہ اپنے دوست چندن سے اکثر و بیشتر باتیں کرتی ہوئی پائی جاتی تھی، میں نے دونوں کو ایک ساتھ ہمیشہ کے لیے رہنے میں مدد کی’۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ خوشبو اور راجیش کا دو سالہ بیٹا بھی ہے۔
اس سے قبل اپریل میں بہار میں ہی ایک شخص نے اپنی ساس سے شادی کرلی تھی۔