وزیراعظم شہباز شریف کی وفاقی کابینہ میں شامل ہونے والوں کے ممکنہ نام سامنے آگئے، اسحاق ڈار، مصدق ملک اور نجی بینک کے چیف ایگزیکٹو محمد اورنگزیب وزیر خزانہ کی دوڑ میں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی وفاقی کابینہ کی تشکیل پر مشاورت جاری ہے، وزارت خزانہ کے اہم منصب کے لیے اسحاق ڈار پھر ریس میں شامل ہیں جبکہ ان کے علاوہ مصدق ملک اور نجی بینک کےچیف ایگزیکٹو محمد اورنگزیب بھی وزیر خزانہ کی دوڑ میں شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق حتمی فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیکر کیا جائے گا اور اتحادیوں کو بھی وفاقی کابینہ کے پہلے مرحلے میں شامل کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی کے عبد العلیم خان کو بھی اہم وزارت دی جائے گی اور ق لیگ کے طارق بشیر چیمہ اور سالک حسین بھی کابینہ کا حصہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے ابھی تک کابینہ میں شمولیت پر رضا مندی ظاہر نہیں کی، ایم کیو ایم اس حوالے سے اپنی رابطہ کمیٹی سےمنظوری لے گی۔
ذرائع نے کہا کہ احد چیمہ اور فواد حسن فواد کو مشیر بنائے جانے کا امکان ہے، جہانزیب خان ایک بار پھر معاون خصوصی ہوں گے جبکہ باپ کے خالد مگسی کو بھی وزارت ملنے کا امکان ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ احسن اقبال کو منصوبہ بندی وترقی کی وزارت نہ ملنے کا امکان ہے اور رانا ثنااللہ کو بھی مشیر بنانے پر غور کیا جارہا ہے، تاہم وفاقی کابینہ آصف زرداری کے صدر بننے کے بعد حلف اٹھائے گی۔